سندھ حکومت معیشت تباہ کرنیکی سازش کر رہی ہے‘ فردوس شمیم

42

کراچی (نمائندہ جسارت) سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے انصاف ہائوس میں پریس کانفر نس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مراد علی شاہ نے پہلے بھی سازش کر کے ملک کی معیشت کو تباہ کرنے کی کوشش کی تھی جس پر ہمیں ان کو بھرپور جواب دینا پڑا‘ ہم نے ان کے مکمل لاک ڈائون کو اسمارٹ لاک ڈائون میں تبدیل کیا لیکن ایک بار پھر سندھ حکومت سازش کے تحت معیشت کا لاک ڈائون کرنے کی کوشش کر رہی ہے‘ سندھ حکومت نے ایسے فیصلے کیے ہیں جن کا کوئی جواز نہیں بنتا‘ پیپلز پارٹی کے قول اور فعل میں تضاد نظر آتا ہے‘ ایک طرف لاک ڈائون کی بات کی جا رہی ہے تو دوسری طرف جلسوں میں شرکت کے لیے عوام کو دعوت دی جارہی ہے۔ اس موقع پر ان کے ساتھ پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان، اراکین سندھ اسمبلی شہزاد قریشی، ارسلان تاج، پی ٹی آئی رہنما فراز لاکھانی، ارسلان فیصل مرزا اور دیگر موجود تھے۔ فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کورونا کے مرض پر سیاست کر رہی ہے‘ مارکیٹوں کے اوقات کو کم کرنے کے بجائے اسے بڑھانے کی ضرورت ہے‘ اوقات کم کرنے سے مارکیٹوں میں عوام کا رش بڑھے گا‘ دورانیہ بڑھانے سے روزگار میں بھی اضافہ ہوگا اور لوگوں کی بھیڑ لگنے سے بھی بچا جا سکے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر سندھ حکومت کو عوام کی اتنی فکر تھی تو یہ کراچی کی پبلک ٹرانسپورٹ کو ہی بہتر کر دیتے‘ سندھ حکومت نے جو بسوں کے وعدے کیے تھے وہی پورے کر دیتے‘ اسمارٹ لاک ڈائون وقت کی ضرورت ہے‘ جہاں کورونا کا پھیلائو زیادہ ہے وہاں پر سختی کی جائے ۔