اسلام آباد(آن لائن)سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ اپوزیشن سے خوفزدہ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے ،اب اس مسافر حکومت کا کوئی بھی ہتھکنڈہ نہیں چلے گا، ملتان میں جلسے سے قبل مقدمات اور گرفتاریاں قابل مذمت اور آمرانہ اقدام ہیں ،سابق وزیراعظم کے صاحبزادوں اور دیگر رہنمائوں پر تالا اور زنجیر چوری کا مقدمہ اوچھی حرکت ہے۔سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ عمران خان اپنے آئیڈیل ڈکٹیٹر ایوب خان کی طرح آمرانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں ،ملتان میں قائدین کوا سٹیڈیم جانے سے روکا اور گرفتاریاں کی جا رہی ہیں ،نااہل حکومت تیزی سے اپنے اختتام کی طرف جا رہی ہے ،اب حکومت کورونا کی آڑ میں اپوزیشن کی تحریک کو دبانا چاہتی ہے۔ حکومت کا حدف کورونا نہیں اپوزیشن کے جلسے ہیں، یہ وہی حکومت ہے جو کورونا کی روک تھام کے لیے حکومت سندھ کے اقدامات کی مخالفت کرتے رہے ،اب وزیراعظم اپنے سیاسی مفادات کے لیے کورونا کارڈ استعمال کر رہے ہیں۔ حکومت سنجیدہ ہوتی تو پہلے اپنی سرگرمیاں منسوخ کرتی ،حکومت کی ساری تقاریب جاری ہیں، وزیراعظم ، وفاقی وزرا اور وزیراعلیٰ پنجاب اجتماعات کرتے پھر رہے ہیں، یہ گرفتاریاں یہ مقدمات اور بہانے اب اپوزیشن کی تحریک کو نہیں روک سکتے۔