خواتین کوبااختیار بنانے کی ضرورت ہے‘ سینیٹر فیصل جاوید

58

اسلام آباد(اے پی پی)تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ حکومت خواتین کے حقوق کے حوالے سے قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے ، ملک میں اینٹی ریپ آرڈیننس پر موثر طریقے کے ساتھ عمل درآمد کرائیں گے، حکومت جنسی بنیاد پر تشدد کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے اور کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشنز خواتین سے متعلق قوانین میں تبدیلی لانے کے لیے انتھک محنت کر رہی ہیں۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی جنسی تفریق نہیں ہو گی اور اس حوالے سے سیاسی مداخلت کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا، زیادتی کے کیسز کو شفاف طریقے کے ساتھ حل کیا جائے گا۔سینیٹر فیصل جاوید نے کہاکہ خواتین کو سماجی، ثقافتی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کی ضرورت ہے، حکومت تمام قوانین پر بھرپور اسپرٹ کے ساتھ عمل درآمد کرانے کے لیے مناسب اقدامات اٹھا رہی ہے، حکومت بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت قوانین متعارف کرانے جا رہی ہے،موجودہ حکومت جنسی زیادتی کا شکار ہونے والے بچوں اور خواتین کو انصاف مہیا کرے گی۔