سندھ حکومت کواخبارات کے واجبات ایک ماہ میںادا کرنے کا حکم

52

کراچی (نمائندہ جسارت)سندھ ہائی کورٹ نے حکومت سندھ کو سی پی این ای سے وابستہ اخبارات کے جنوری 2019ء سے جون 2020 ء تک کے تمام واجبات ایک ماہ میں ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے سی پی این ای کی رٹ پٹیشن پر فیصلہ سنا دیا۔بدھ کو جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس ارشد حسین خان پر مشتمل سندھ ہائی کورٹ کی ڈویژن بینچ نے سی پی این ای کی جانب سے
دائر کردہ آئینی درخواست پر سماعت شروع کی تو اس موقع پر سندھ کے سیکرٹری اطلاعات عمران عطا سومرو بھی عدالتی حکم پر ذاتی طور پرموجودتھے۔عدالت کے استفسار پر عمران عطا سومرو نے ایک ماہ کی مہلت طلب کرتے ہوئے بتایا کہ واجبات کی جانچ پڑتال اور بیرونی آڈٹ سمیت دیگر قانونی کارروائی مکمل کر کے ایک ماہ کے اندر اخبارات کو ادائیگیاں شروع ہو جائیں گی۔ اس موقع پر سی پی این ای کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے عدالت کو بتایا کہ نان بجٹیڈ واجبات کی ادائیگیوں کے لیے کسی بیرونی آڈٹ کی ضرورت نہیں ہوتی جبکہ اس کے فنڈز بھی محکمہ اطلاعات سندھ کے پاس ہوتے ہیں لہٰذا نان بجٹیڈ واجبات کی ادائیگیاں فوری طور پر شروع کی جاسکتی ہیں تاکہ اخباری ادارے اپنے ملازمین کی تنخواہیں اور دیگر اخراجات پورے کر سکیں۔ عدالت نے سی پی این ای کی آئینی رٹ پٹیشن کو نمٹا تے ہوئے سیکرٹری اطلاعات سندھ عمران عطا سومرو کی موجودگی میں فیصلہ دیا کہ سی پی این ای سے وابستہ اخبارات کو جنوری 2019ء سے جون 2020ء تک کے تمام بجٹیڈ واجبات کی ایک ماہ میں مکمل جبکہ نان بجٹیڈ واجبات کی ادائیگیوں کو بھی 15روزمیں شروع کیا جائے۔سی پی این ای کی پیروی محمد اظہر فریدی ایڈووکیٹ نے کی جبکہ اس موقع پر سی پی این ای کے سابق سیکرٹری جنرل اعجازالحق سمیت دیگر ارکان بھی موجود تھے۔
واجبات