کشمیر کے حالات سے نظریں چرانا بہت افسوس ناک ہے، مشعال ملک

181

کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہےکہ بھارتی فوجی آزادی کی جدوجہد کو دبانے کے لئے کشمیری خواتین کو جنسی ہراسانی کا نشانہ بناتے ہیں جبکہ بھارت کشمیری خواتین پر تشدد جنگی ہتھیار کے طور پر کررہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کشمیری رہنما کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر تشدد اور عصمت دری جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کررہا ہے اور مقبوضہ وادی میں کشمیری خواتین کو ہراساں کرنا معمول بن چکا ہے جبکہ سرچ آپریشن کے نام پر خواتین پر تشدد کیا جاتا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی عصمت دری کے بڑھتے ہوئے واقعات بھارت کے چہرے پر سیاہ دھبہ ہیں۔

مشعال ملک کا  کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی خواتین پر بھارتی فورسز کا تشدد دنیا کو نظر نہیں آرہا اور عالمی دنیا کا مقبوضہ کشمیر کے حالات سے نظریں چرانا بہت افسوس ناک ہے۔

یاسین ملک کی اہلیہ کا کہنا تھاکہ بھارتی فوجی  کشمیری خواتین کو ذہنی اور جسمانی اذیت دینے کے ساتھ جنسی درندگی کا نشانہ بنا رہے ہیں اور اب تک 11224 خواتین کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے جبکہ بھارتی فورسز کے جبر اور مظالم سے 22922 خواتین بیوہ ہوچکی ہیں۔

مشعال ملک کا مزید کہنا تھا کہ کشمیری خواتین کو مسلسل سرچ آپریشن اورچھاپوں کے ذریعہ ذہنی اذیت دی جارہی ہے اور کشمیری خواتین اور بچے ہندوستان کے غیر انسانی فوجی محاصرے کا سب سے بڑا شکار ہیں جبکہ نام نہاد جمہوری ہندوستان کی فورسز کے ہاتھوں خواتین بچے غیر محفوظ ہیں اور بھارتی فوجی آزادی کی جدوجہد کو دبانے کے لئے کشمیری خواتین کو جنسی ہراسانی کا نشانہ بناتے ہیں۔

دوسری جانب مشعال ملک کا کہنا تھا کہ فاشسٹ طاقتیں کشمیری آزادی پسندوں کی ہمت کم نہیں کرسکتی ہیں جبکہ  عالمی برادری خاموش تماشائی کی طرح کشمیر کی صورتحال کو دیکھ رہی ہے اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھارتی مظالم اور جارحیت کا نوٹس لینا چاہیے۔