اسلام آباد: تنخواہوں کی عدم ادائیگی، میٹرو بس ملازمین کا دھرنا

158

اسلام آباد: میٹرو بس سروس کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر دھرنا دے دیا، جس کے باعث جڑواں شہروں کی میٹرو بس سروس معطل ہوگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جڑواں شہروں میں چلنے والی میٹرو بس سروس کے ملازمین نے گذشتہ 3ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پر آئی جی پی سٹیشن پر احتجاجی دھرنا دے دیا ہے۔

ملازمین کا کہنا تھا کہ تین ماہ سے تنخواہیں نہیں مل رہیں، جس سے نوبت فاقوں سے پہنچ چکی ہے، گھر کا چولہا جلانا مشکل ہوگیاہے، تنخواہوں کی ادائیگی تک دھرنا جاری رہے گا۔

میٹرو بس کے ملازمین نے دھرنا تقریباً 7 گھنٹے تک جاری رکھا، جس سے راولپنڈی اسلام آباد میں سفر کرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے ملازمین سے مذاکرات کی کوشش کی گئی جو ناکام ہوگئی۔