نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ اسکواڈ کے گزشتہ روز کورونا ٹیسٹ لیے تھے جن میں 6 ارکان کے کورونا ٹیسٹ مثبث آگئے.
تفصیلات کے مطابق دورہ نیوزی لینڈ کے لیے جانے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے 55 رکنی اسکواڈ کا کرائسٹ چرچ پہنچنے پر کورونا ٹیسٹ کیا گیا تھا جن میں قومی ٹیم کے 6 ارکان کا کورونا مثبت آگیا.
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان اسکواڈ کے کچھ اراکین نے آئسولیشن کے پہلے دن ایس او پیز کی خلاف ورزی کی اور جن 6 ارکان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ان میں 2 ارکان پہلے بھی کورونا کا شکار ہوچکے ہیں.
دوسری جانب ترجمان پی سی بی نے نیوزی لینڈ میں قومی کرکٹرزکے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے معاملہ پر کہا ہے کہ نیوزی لینڈ بورڈ کی ہدایت کے مطابق کھلاڑیوں کے نام نہیں بتاسکتے.
ترجمان پی سی بی کے مطابق کھلاڑیوں نے اپنے اپنے کمروں میں قرنطینہ کرلیا ہے جبکہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ سے رابطے میں ہیں.
یاد رہے کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے جانے والے قومی ٹیم کے 55 رکنی اسکواڈ کا لاہور سے روانگی کے وقت کورونا ٹیسٹ کیا گیا، جس میں تمام اسکواڈ کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے تھے.
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت نیوزی لینڈ میں مودود ہے جہاں قومی ٹیم نے دسمبر 2020 اور جنوری 2021 میں نیوزی لینڈ کے ساتھ 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ ٹی ٹوئنٹی میچ 18، 20 اور 22 دسمبر کو آکلینڈ، ہملٹن اور نیپیئر میں ہوں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے تاورنگا میں کھیلا جائے گا۔ جب کہ دوسرا میچ کرائسٹ چرچ میں 3 جنوری سے شروع ہوگا۔
تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز پاکستانی وقت کے مطابق دن 12 بجے شروع ہوں گے۔ ٹیسٹ میچز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 4 بجے شروع ہوں گے۔