اسلام آباد(صباح نیوز)توشہ خانہ ریفرنس میں نیب نے آصف زرداری ،نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کیخلاف 43 گواہوں کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اصغر علی نے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کی۔سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی پرنسپل سیکرٹری نرگس سیٹھی بھی گواہان میں شامل ہیں۔زرداری کیخلاف جعلی اکائونٹس سمیت 4 مقدمات میں کل گواہان کی تعداد 205 ہو گئی ۔توشہ خانہ ریفرنس میں نیب گواہان کی مکمل فہرست
عدالت میں جمع کرا دی گئی جبکہ آصف زرداری کی جمعرات کو حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کر لی گئی۔دوران سماعت ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب اور زرداری کے معاون وکیل کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔وکیل یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم عدالت سے تعاون کر رہے ہیں، عدالت بھی تعاون کرے۔نیب کے پہلے گواہ زبیر صدیقی کا بیان مکمل نہ ہو سکا، عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے گواہان کو 2 دسمبر کو دوبارہ طلب کر لیا۔