تحریک لبیک کے مرحوم سربراہ خادم رضوی کی جانشینی کا تنازع

198

لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک ) تحریک لبیک پاکستان کے بانی رہنما اور سابق سرپرست اعلیٰ پیر افضل قادری نے خادم رضوی کی وفات کے بعد ان کے بیٹے سعد حسین رضوی کے جانشین بننے پر سوال اٹھاتے ہوئے پارٹی کی قیادت کے حوالے سے تنازع کو جنم دے
دیا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک وڈیومیں پیر افضل قادری نے سعد حسین رضوی کو ‘ذہنی طور پر بیمار’ قراردیدیا۔ڈان کی رپورٹ کے مطابق پیر افضل قادری وڈیو کلپ میں کسی جگہ خطاب کرتے نظر آئے جس میں انہوں نے سعد رضوی کی مذہبی قابلیت پر سوال اٹھاتے ہوئے الزام عاید کیا کہ وہ حافظ بھی نہیں ہیں جیسا کہ انہیں ان کے پیروکار سمجھتے ہیں۔پیر افضل قادری کا کہنا تھا کہ ان کے اور مرحوم رہنما کے درمیان باہمی طور پر اتفاق ہوا تھا کہ پارٹی میں اقربا پروری کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قیادت بانیوں کے رشتے داروں کو نہیں دی جائے گی۔پیر افضل قادری نے دعویٰ کیا کہ خادم رضوی کو معلوم تھا کہ ان کا بیٹا نااہل ہے اور وہ مجھ سے سعد کے لیے دعا کرنے کا کہتے تھے جو مبینہ طور پر ذہنی بیمار، نشے کا عادی ہے اور اس نے اپنی تعلیم بھی مکمل نہیں کی۔ تحریک لبیک پاکستان کے ترجمان زبیر احمد نے کہا کہ پیر افضل قادری پارٹی سے استعفا دے چکے ہیں، پارٹی کا سربراہ منتخب کرنے کا اختیار صرف مجلس شوریٰ کو حاصل ہے اور سعد اب پارٹی کے قانونی سربراہ ہیں اور تنازع کھڑے کرنے کی ایسی کوششوں پر افسوس ہی کیا جاسکتا ہے۔