کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) حکومت پاکستان نے مختلف سرکاری محکموں کیخلاف پاکستان سٹیزن پورٹل ( پی سی پی ) پر موصول ہونے والی شکایتوں پر سندھ کے مختلف محکموں کی طرف سے کوئی کارروائی نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ساتھ ہی حکومت سندھ سے 8 دسمبر تک تمام شکایات پر کی جانے والی کارروائی کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ اس ضمن میں چیف سیکرٹری سندھ نے تمام صوبائی محکموں کو وفاقی حکومت کے سرکلر سے آگاہ کرتے ہوئے پی سی پی کے ذریعے
ملنے والی ہر شکایت پر ضروری کارروائی کرنے کی بھی ہدایت جاری کردی ہے۔ چیف سیکرٹری نے سرکلر میں تمام محکموں کے سیکرٹریز کو یاد دلایا ہے کہ پاکستان سٹیزن پورٹل کا قیام اکتوبر 2018ء میں عوام کو درپیش شکایات کے ازالے کے لیے لایا گیا تھا ، لیکن یہ بات نوٹ کی گئی ہے صوبے کے بیشتر محکموں کی طرف سے ان شکایات کا کوئی نوٹس تک نہیں لیا جاتا۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی ہے کہ ہر محکمے کے ایڈیشنل سیکرٹری کو پاکستان سٹیزن پورٹل کا فوکل پرسن مقرر کرکے عوامی شکایات پر کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ یہ بھی خیال رہے کہ پاکستان سٹیزن پورٹل وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر قائم کیا گیا ہے۔