کورونا کی دوسری لہر ۔ حافظ نعیم کی امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت

139

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث پیداہونے والی صورتحال اورالخدمت کراچی کی طبی خدمات کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی ہنگامی اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس میں نائب امیر کراچی ڈاکٹر واسع شاکر، سیکرٹری کراچی عبدالوہاب،چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ، ایگز یکٹو ڈائر یکٹر راشد قریشی،انجینئرصابر احمد و دیگر ذمے داران نے شرکت کی۔اس موقع پرکورونا ٹیسٹ،ڈس انفیکشن اسپرے،ڈینگی اسپرے، آکسیجن سلنڈرز کی دستیا بی سمیت دیگر سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔حافظ نعیم الرحمن نے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائر س کی پہلی لہر کے دوران بھی الخدمت کے رضاکاروں نے جان کی پرو ا کیے بغیر شہریوں کی بے مثال خدمت کی۔ الخدمت کورونا وائرس کی جاری دوسری لہر کے دوران بھی لوگوں کی مدد کرے گی۔حافظ نعیم الرحمن نے صاحب ثروت افراد سے بھی اپیل کی کہ الخدمت کے تحت کوروناوائر س کا ٹیسٹ جو صرف 3000روپے میں کیا جارہا ہے اس کا تسلسل برقرار رکھنے اور آکسیجن سلنڈرز کی فراہمی کے لیے الخدمت کے ساتھ بھرپور مالی تعاون کریں۔انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس ایک بار پھر تیزی سے پھیل رہا ہے،صورتحال اطمینان بخش نہیں،لوگوں کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اوراحتیاط کر نی چاہیے۔الخدمت کے رضاکار کورونا وائر س کی دوسری لہر کے پیش نظر اپنی سرگرمیاں تیز کر دیں اور لوگوں کی مدد کریں۔ انہوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگ شدید متاثر ہوئے اوران کے کاروبا رتباہ ہوئے۔الخدمت نے سرکاری ونجی اسپتالوں کو ڈاکٹرزو عملے کے لیے طبی حفاظتی لباس( PPE’s) کٹس فراہم کیں۔ رات کی تاریکی میں لوگوںکی دہلیز پر جاکر انہیں کھانا،پینے کا صاف پانی،راشن اور گوشت پہنچایا تاکہ لاک ڈاؤن سے متاثر ہ لوگوں کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے ان کی مدد کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت نے بڑی تعداد میں سانس کے مریضوں کوآکسیجن سلنڈرز بھی مشکل حالات میں مفت فراہم کیے۔شہر بھر میں جراثیم کش ادویہ کا اسپرے کیا گیا۔الخدمت نے اس دوران جدید کورونا ٹیسٹنگ لیب قائم کی، جہاں اب بھی انتہائی ارزاں نرخوں پر کورونا ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ الخدمت نے اپنے کاموں سے شہر کر اچی میں مثال قائم کی ہے اور لوگ اس کا اعتراف کرتے ہیں۔