اسلا م آباد(صباح نیوز+اے پی پی)ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر اسلامی تعاون تنظیم کے ایجنڈے کا مستقل حصہ ہے، بھارت غلط معلومات پھیلارہا ہے۔ جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل پر پاکستان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور پاکستان اپنے اصولی موقف پر قائم ہے۔متحدہ عرب امارات کی ویزا پالیسی میں تبدیلی کے حوالے سے سوال کے جواب میں
انہوں نے کہا کہ اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے اور ہم اس سلسلے میں باقاعدگی سے رابطے میں ہیں، اس میں کوئی حقیقت نہیں کہ ویزا معطلی کے اقدام کے پیچھے سیکورٹی وجوہات تھیں، متحدہ عرب امارات میں انفرادی واقعات کو کسی ملک کے شہریوں سے جوڑنا مناسب نہیں۔ علاوہ ازیں بھارتی ناظم الامور گورو اہلو وآلہ کو دفتر خارجہ طلب کر کے25 نومبر کو قابض بھارتی افواج کی جانب سے کنٹرول لائن کے باغ سیکٹر میں جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کیا گیا۔ بھارتی ناظم الا مورکو احتجاجی مراسلہ حوالے کرتے ہوئے انتباہ کیا گیا کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی ان خلاف ورزیوں سے علاقائی امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں جس کا نتیجہ اسٹرٹیجک غلطی کی صورت نکل سکتا ہے۔