کورونا سے مزید40افرادہلاک ‘ بلاول سمیت مزید3306افراد وائرس کا شکار،سندھ میں کاروبار رات 8بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت

107

 

اسلام آ باد ‘کراچی ‘ لاہور(نمائندہ جسارت + اسٹاف رپورٹر)کورونا سے مزید40افرادہلاک ‘ بلاول سمیت مزید3306افراد وائرس کا شکار،سندھ میں کاروبار رات 8بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت۔تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں ملک بھر میں کورونا کے 45 ہزار 999 ٹیسٹ کیے گئے۔ جس کے بعد ملک میں کیے گئے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی مجموعی تعداد 53 لاکھ 43 ہزار 702 ہوگئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹے میں 3 ہزار 306 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، اس وبا کے مصدقہ فعال کیسز کی تعداد 43 ہزار 963 تک جاپہنچی ہے، ملک بھر میں اس وبا کا شکار مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 86 ہزار 198 تک جاپہنچی ہے۔این سی او سی کے مطابق سندھ میں مصدقہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 67 ہزار 381 ، پنجاب میں ایک لاکھ 16 ہزار 506، خیبرپختونخوا میں 45 ہزار 828 ، بلوچستان میں 16 ہزار 942 ، اسلام آباد میں 28 ہزار 555 ، آزاد کشمیر میں 6403 اور
گلگت بلتستان میں 4583 ہے۔گزشتہ روز ایک ہزار 418 مریضوں نے اس وائرس کو شکست دی ہے ، جس کے بعد ملک میں اس وبا سے جیتنے والوں کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 34 ہزار 392 ہوگئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا نے مزید 40 افراد کی جان لے لی۔ جس کے بعد ملک میں اس وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد 7843 ہوگئی ہے۔ ایک ہزار 968 کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔کورونا سے سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 2 ہزار923 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ۔سندھ میں 2 ہزار866، خیبر پختونخوامیںایک ہزار344،بلوچستان میں 165،اسلام آباد میں297، گلگت بلتستان میں 96 اور آزاد کشمیر میں152 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔دریں اثنابلاول زرداری کورونا میں مبتلا ہو گئے ،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔بلاول زرداری نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ وبا کی معمولی علامات ہیں، اپنی رہائش گاہ سے کام جاری رکھوں گا اور پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس پر وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کروں گا۔ بلاول زرداری کا جیالوں کو پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی تیاریوں کے ساتھ ماسک کے اہتمام کی اپیل کرتے ہوئے کہناتھا کہ میں آپ کامنتظر ہوں گا۔ علاوہ ازیںسندھ حکومت نے تاجروں کا مطالبہ مان لیا، مارکیٹیں رات 8 بجے تک کھولنے کی اجازت دے دی ۔ ترجمان حکومت سندھ کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ مارکیٹس تنظیمیں ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گی۔سندھ حکومت نے تاجروں کا مطالبہ مانتے ہوئے رات 8 بجے تک مارکیٹس کھولنے کی اجازت دے دی۔ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ تاجروں کا مطالبہ مان رہے ہیں، سندھ میں مارکیٹیں رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی، امید ہے کہ مارکیٹس تنظیمیں ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گی، دکاندار اور خریدار فیس ماسک پہننے کو یقینی بنائیں گے۔سندھ حکومت نے کورونا پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مارکیٹیں 6 بجے بند کرنے کا نوٹی فیکشن جاری کیا تھا جسے تاجروں نے مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومتی طے شدہ کاروباری اوقات ناقابل عمل ہیں۔تاجروں کا کہنا تھا کہ سورج صبح 7 بجے طلوع ہوتا ہے لہٰذا تاجر کس طرح صبح 6 بجے کاروبار شروع کرسکتے ہیں،اگرمطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ہمارا آئندہ کا لائحہ عمل سخت ہوگا۔دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ بلاول نے خود کو کورونا کی وجہ سے قرنطینہ کرلیا، اپنی جان کی حفاظت آپ کا حق ہے یہی حق عام عوام کا بھی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ بلاول زرداری کو شفاء کاملہ عطا فرمائے۔ایک ٹوئٹ میں شبلی فراز نے کہا کہ بلاول سمیت تمام مریضوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ وباسے محفوظ رہنے کے لیے احتیاط لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا لیڈرز اور عوام میں کوئی تفریق نہیں کرتا۔ اپوزیشن رہنما خدارا ایک دوسرے کی صحت اور عوام کی زندگیوں کا خیال کریں۔ نجی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ تعلیمی ادارے بند کرنے سے متعلق فیصلہ بوجھل دل سے کیا، امید ہے جنوری تک تمام تعلیمی ادارے کھل جائیں گے ۔ بچوں میں جس طرح میری مقبولیت بڑھی خوش نہیں ہوں، بچوں کو چھٹیوں کے بجائے تعلیم پر توجہ دینی چاہیے ۔ادھر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدا رنے ایک بیان میں کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا کورونا پر سیاست کرنا المیہ ہے، اپوزیشن رہنمائوں نے پہلے بھی اہم ترین قومی مسئلے پر سیاست چمکانے کی ناکام کوشش کی۔