سندھ حکومت شہر سے زیادتیوں کا سلسلہ بند کرے،فردوس شمیم

33

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقو ی نے سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت کراچی کے ساتھ زیادتیوں کا سلسلہ بند کرے۔کراچی پیکیج کے 3 ماہ گزر چکے مگر منصوبوں کا کچھ پتا نہیں، جو سڑکیں بنانی تھیں کیا ان کے ٹینڈر جاری ہوگئے؟کراچی پیکیج میں سندھ حکومت کے منصوبوں کی تفصیلات دی جائیں۔ٹرانسپورٹ کے نظام کے لیے بسوں کا وعدہ پورا نہیں کیا گیا،کراچی کے شہری پریشان ہیں۔اس شہر کے ساتھ زیادتیوں کا سلسلہ کب بند ہوگا؟ اس موقع پر ان کے ہمراہ اراکین سندھ اسمبلی شہزاد قریشی اور ارسلان تاج موجود تھے۔فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ اب 3ماہ گزر چکے ہیں سڑکوں کے منصوبے جو مکمل کرنے تھے ان کا کیا ہوا؟ شہریوں کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا جارہا ہے۔جن منصوبوں کی حکومت سندھ نے ذمے داری لی ہے،اس کا مکمل شیڈول دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ نالائق صوبائی حکومت چیزیں مکمل نہیں کرسکی۔نالوں کی صفائی کا کام اس لیے مکمل اس لیے نہیں ہوسکتا کیونکہ انہوں نے متاثرین کو متبادل رہائش نہیں دی۔ نالوں کی صفائی کے حوالے سے ہم نے وفاق سے بھی کہا کہ نالوں کوہر سال نہیں بلکہ ہمیشہ صاف رہنا چاہیے۔اس میں کوڑا نہیں ڈالا جائے۔