حکمرانوں اور اپوزیشن نے آئینی بحران پیداکردیا،مصطفی کمال

26

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ملک کو چلانے کیلیے گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کی ضرورت ہے، موجودہ نظام مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں شمولیت کے لیے آنے والے وفد کے اراکین سے بات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت حکمرانوں اور اپوزیشن کے رویوں کی وجہ سے آئینی بحران ہے جس کا فائدہ ملک دشمن عناصر کو ہو رہا ہے۔ بالخصوص کراچی میں لسانی، سیاسی اور فرقہ وارانہ فالٹ لائنز موجود ہیں جن پر کام کر کے بھارت یہاں قتل و غارت کرا کے پاکستان میں امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ کراتا رہا ہے، موجودہ آئینی بحران اور بڑھتی ہوئی ناامیدی ملک دشمنوں کے لیے بہترین موقع بن کر ابھر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام محب وطن پاکستانیوں کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ انہیں ملک کو کس سمت میں لے کر جانا ہے اور اس کے لیے 10، 20 اور 100 سالہ اہداف طے کرنے ہوںگے جن کی بنیاد پر تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا پارٹی منشور بنا کر لائحہ عمل دے کر عوام سے مینڈیٹ لینا چاہیے۔ اب بھی تمام ادارے، سیاستدان، عدلیہ اور دیگر اسٹیک ہولڈرز ایک جگہ ملک کو چلانے کیلیے اکٹھے نہ ہوئے تو ملک تباہی کے راستے پر گامزن رہے گا۔ مصطفی کمال نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی آئندہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے اور حقیقی معنی میں آزادی حاصل کرنے کے لیے اپنی ذاتی انا اور غصے کو بالائے طاق رکھ کر ملکی مفاد میں فیصلے کرنے ہوں گے۔