کراچی( اسٹاف رپورٹر)ڈاکوؤں کو گھرمیں گھسنامہنگاپڑگیا، مکینوں کی جانب سے شور مچانے پر اہل محلہ مددکو پہنچ گئے،مشتعل عوام اور نوجوانوں نے ڈاکوؤں کو تشدد کا نشانہ بنایا،4 مسلح ڈاکو اور ان کے زیر استعمال دو موٹرسائیکلوں کو پولیس کے حوالے کردیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے ناظم آباد نمبر دو میں 6 مسلح ڈاکو ایک گھر میں داخل ہوئے اور لوٹ مار کی کوشش کی۔پولیس کے مطابق مکینوں کی چیخ و پکار سن کر علاقہ مکین مذکورہ مکان کے باہر جمع ہوگئے اور انہوں نے 6 میں سے 4 ملزمان کو پکڑ لیا۔عوام کا جم غفیر دیکھ کر 2 ڈاکوؤں نے وہاں سے دوڑ لگانے میں ہی عافیت جانی۔مشتعل عوام اور نوجوانوں نے ڈاکوؤں کو تشدد کا نشانہ بنایا، اسی اثنا پولیس کی نفری بھی جائے وقوع پر پہنچ گئی۔پولیس نے ملزمان کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا جہاں ان سے مزید تفتیش کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔