کراچی(اسٹاف رپورٹر ) رواں برس صوبہ سندھ میںدرجہ نہم و دہم کی نیو نیشنل اسکیم آف اسٹیڈیزکے حوالے سے بہت اہم تبدیلیاں ہوئی ہیں لہٰذا معیاری ماڈل پیپرز کی تیاری وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ نظام امتحانات میں بہتری لانا ثانوی تعلیمی بورڈ کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین میٹرک بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے نیونیشنل اسکیم آف اسٹیڈیز کے اطلاق کے بعددو روزہ ماڈل پیپرز کی تیاری کے حوالے سے ریسرچ سیکشن کے زیر اہتمام بورڈ کے کانفرنس ہال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین بورڈ نے اس موقع پر ریسرچ سیکشن کے عملے کو ان کی اس بہترین کاوش پر مبارکباد دی اور ورک شاپ میں شریک ہونے والے سائنس اور جنرل گروپ کے اساتذہ کی مہارت، قابلیت اور صلاحیت کو سراہا جنہوں نے وبائی صورتحال کے باوجود اس سلسلے میں کام کیا اور معیاری ماڈل پیپرز کی تیاری کیلیے محنت اور مشاورت کے جذبے کے ساتھ اس ورکشاپ میں شریک ہوئے۔ مزید برآں انہوں نے یہ بھی کہا کہ درجہ نہم2021ء ، درجہ دہم 2022ء اور آئندہ کیلیے ماڈل پیپرز کا اجرا ماہ دسمبر کے آخر تک ہوگا۔