مسئلہ فلسطین کے حل تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کیاجائیگا ،طاہر اشرفی

37

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان اس وقت تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کریگا جب تک فلسطینیوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ فلسطین کا کوئی حل نہیں نکل آتا۔ بھارت پاکستان ، مشرق وسطیٰ ، عرب اور اسلامی دنیا میں بھی دہشت گردی کروا رہا ہے۔ ’’پاکستان کا مطلب کیا ۔ لا الٰہ الا اللہ ‘‘ یہی نظریۂ پاکستان ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی اورمشرق وسطیٰ علامہ طاہر اشرفی نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہورمیں
منعقدہ نشست کے دوران کیا ۔ اس موقع پر چیئرمین پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ، انجینئر یاسر گیلانی، بیگم مہناز رفیع ، سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید و دیگر موجود تھے۔طاہر اشرفی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ ویزا مسائل پر کچھ معاملات چل رہے ہیں لیکن وہ بھی جلد حل ہو جائیں گے، اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کروں گا کہ وہ ملازمت کریں سیاست نہ کریں ،جو بین الاقوامی تنظیمیں پوری دنیا میں دہشت گردی کرواتی ہیں ان کو سب سے زیادہ فنڈنگ بھارت سے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالتؐ کا قانون اس ملک کے اندر امن کا ضامن ہے ، وزیراعظم نے اسلامی ممالک کے سربراہان کو جو خط لکھا ہے اس کے ذریعے پوری امت کو ایک موقف پر جمع کیا جا رہا ہے۔