کشمیر کی آزادی کا لائحہ عمل مظفر آباد سے آنا چاہیے،عبدالرشید ترابی

44

مظفرآباد(صباح نیوز) کنوینر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل صدر ملی یکجہتی کونسل و چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کا لائحہ عمل اسلام آباد سے نہیں مظفرآباد سے سامنے آنا چاہیے ، پاکستان اور کشمیر کی قومی سیاسی جماعتیں اور حکومت 5اگست 2019ء مودی کے اقدامات کے تدار ک کے لیے کوئی مؤثر لائحہ عمل بنانے میں ناکام رہی ہیں ،دنیا کی توجہ حاصل کرنے اور آزادی کی منزل تک پہنچنے کے لیے کشمیریوں کو خود کردار ادا کرنا ہو گا ۔ان
خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز اسمبلی اجلاس سے خطاب اورمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔عبد الرشید ترابی نے کہا کہ پاکستان اور آزادکشمیر میں پارٹیوں کی سطح پر جو بھی پروگرامات منعقد ہو رہے ہیں اس میں مسئلہ کشمیر کہیں نہیں ہے تمام پارٹیاں اپنی اپنی تقاریب میں مسئلہ کشمیر کو زیر بحث لائیں ،ایک دوسرے پر الزامات کے بجائے کشمیرکی آزادی کا ایجنڈا دیا جائے ، بیس کیمپ ہمارے پاس بہت بڑا اثاثہ ہے اس کو برئوے کار لایا جائے ۔انہوں نے کہاکہ تمام جماعتوں نے مشاورت کر کے وزیر اعظم آزادکشمیر کو یہ مینڈیٹ دیاتھا کہ وہ کشمیرکی آزادی کے لیے لائحہ عمل اور سرگرمی دیں لیکن ابھی تک نہ کوئی لائحہ عمل سامنے آیا اور نہ ہی کوئی بڑی سرگرمی ہو سکی ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی تحریک سے بے وفائی کرنے والوں کا انجام بڑا بھیانک ہوا ہے ۔