اقوام متحدہ(اے پی پی)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے یکطرفہ پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات خوراک اور صحت کے عدم تحفظ میں اضافے کے ساتھ ساتھ ہدف بنائے گئے ممالک میں لاکھوں افراد کی زندگیاں اور معاش کو بھی غیر مستحکم کرتے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز ’’ یکطرفہ جابرانہ اقدامات کے خاتمے سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیررسمی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ
غیرمساوی عالمی نظام میں پابندیوں کا نشانہ بننے والے بعض ممالک میں لاکھوں افراد کو کورونا وائرس کے ساتھ ساتھ یکطرفہ جابرانہ اقدامات جیسے دہرے خطرات کا سامنا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ غریب لوگوں کے انسانی حقوق اور صحت کی دیکھ بھال پر منفی اثرات مرتب کرنے والی یکطرفہ پابندیوں کا فوری خاتمہ کیا جائے اور یکطرفہ پابندیوں سے متعلق پاکستان کی پوزیشن بین الاقوامی قوانین اور شفافیت کے اصول ، انصاف اور غیرجانبداری پر مبنی ہے۔