کالعدم تنظیموں کے 4 مبینہ دہشت گردگرفتار

31

کراچی(اسٹاف رپورٹر)حساس ادارے اور ویسٹ پولیس نے ضلع غربی کے علاقے بنارس سے کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 4 مبینہ دہشت گرد گرفتار کرلیے، دہشت گردوں سے 60کلوگرام دھماکا خیز مواد، 60میٹر ڈیٹونیٹنگ وائرز اور 16 ڈیٹونیٹرز اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے، 3 دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان اور ایک کا بی ایل اے سے ہے، چاروں دہشت گرد افغانستان سے بلوچستان کے راستے کراچی پہنچے تھے اور بنارس کی ایک سرائے میں مقیم
تھے، کالعدم بی ایل اے کا مبینہ دہشت گرد بارودی مواد اور بم بنانے کا سامان لے کر پہنچا تھا، چاروں کو افغانستان میں دہشت گردی کی تربیت دے کر کراچی میں دہشت گردی کا ہدف دیاگیا تھا، دہشت گردوں کو سماجی ویب سائٹ کی آئی ڈی اور پاسورڈ دیا گیا تھا جس پر انہیں حملے کے لیے ہدف دیا جانا تھا، دہشت گرد میڈیا اور سوشل میڈیا کو خصوصی طور پر مانیٹر کرتے ہیں، ماضی میں بھی دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔