حیدرآباد: ایس او پیز کی خلاف ورزی پرکئی دکانیں سیل

44

حیدرآباد(نمائندہ جسارت)ایس او پیز کی خلاف ورزی پرانتظامیہ کی کارروائیاں جاری، 2کلاتھ مارکیٹوںسمیت کئی دکانوںکو سیل کردیا گیا، ماسک نہ پہننے پر کئی افراد پر جرمانے عاید کرتے ہوئے مفت ماسک بھی تقسیم کیے گئے۔ تفصیلا ت کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ لطیف آباد اشتیاق علی منگی نے صارفین اور دکانداروںکی جانب سے ماسک نہ پہننے اور 6بجے دکانیں بند
نہ کرنے پر لطیف آبادنمبر8میں 100سے زاید دکانوںپر مشتمل جامع کلاتھ مارکیٹ کو سیل کردیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی ابراہیم ارباب نے ریشم بازار کا اچانک دورہ کرتے ہوئے ایس او پیس پر عملدر آمد نہ کرنے اور مقررہ اوقات کے بعد کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے پرریشم گلی میںواقع محبوب کلاتھ مارکیٹ کوسیل کردیاجبکہ زاید قیمت پر دوھ فروخت کرنے پر مدینہ ملک ہائوس پر 40ہزار جرمانہ عاید کردیا۔ اسسٹنٹ کمشنر قاسم آباد گدا حسین سومرو نے مختیار کار قاسم آباد الطاف حسین کوریجو کے ہمراہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گدو چوک کے قریب دکان، نسیم نگر چوک روڈ پر ایک دوکان اور ایک سروس اسٹیشن، علمدار چوک پر زمین اسٹیٹ ایجنسی کو سیل کر دیا ۔ دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنرتعلقہ دیہی قندیل فاطمہ میمن نے تعلقہ میں ایس او پیز کا جائزہ لیا اور ماسک نہ پہننے پر 10سے زاید افراد پر ہزار روپے فی کس جرمانہ عاید کیا جبکہ کئی لوگوں کو مفت ماسک بھی فراہم کیے۔