کراچی (اسٹاف رپورٹر) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اعلان کیا ہے کہ کورونا اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے انٹر میڈیٹ حصہ دوم اور حصہ اول و دوم باہم کے سالانہ امتحانات برائے 2020ء کے امتحانی فارم جمع نہ کروانے والے ایسے امیدوار جن کے پاس امتحانات دینے کا آخری موقع 2008ء سے 2019ء کے درمیان ختم ہوگیا تھا وہ اپنے امتحانی فارم 6000 روپے فیس کے ساتھ 27 نومبر سے 11 دسمبر تک بذریعہ کوریئر سروس بورڈ آفس میں جمع کروا سکتے ہیں
۔ انٹربورڈ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبر BIE/EG/79/2020 کے مطابق اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے سندھ کے تعلیمی بورڈز کے سربراہوں پر مشتمل کمیٹی سندھ بورڈ کمیٹی آف چیئرمین کی جانب سے آخری موقع ختم ہونے والے انٹر کے امیدواروں کو امتحانات میں شرکت کیلیے مزید موقع دینے کے فیصلے کی روشنی میں رواں سال 2020ء میں بھی تمام گروپس سائنس پری انجینئرنگ، پری میڈیکل، سائنس جنرل، کامرس ریگولر، کامرس پرائیویٹ، آرٹس ریگولر، آرٹس پرائیویٹ، ہوم اکنامکس اور میڈیکل ٹیکنالوجی گروپس کے بھی ایسے امیدواروں کو 6 ہزار روپے فیس کے ساتھ امتحانات میں شرکت کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے جن کے پاس انٹر کے امتحانات میں بیٹھنے کا کوئی موقع نہیں رہا۔