اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ نے باچا خان یونیورسٹی کے ملازمین کی مستقلی کے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف یونیورسٹی کی نظر ثانی درخواست خارج قرار دیتے ہوئے فارغ کیے گئے 5 ملازمین کو فوری بحال کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ معاملہ کی سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کی۔دوران سماعت باچا یونیورسٹی کے ملازمین کی جانب سے ایڈووکیٹ مدثر خالد عباسی نے مؤقف اپنایا کہ پشاور ہائی کورٹ ملازمین کے حق میں
فیصلہ دے چکی ہے، یونیورسٹی نے کچھ ملازمین کو مستقل کیا لیکن ان 5 ملازمین کو مستقل نہیں کیا،ان 5 ملازمین نے 3 بار مستقل اسامیوں کے لیے ٹیسٹ پاس کیا.یونیوسٹی نے ملازمین کو مستقل کرنے کے بجائے ملازمت سے ہی فارغ کر دیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے باچا خان یونیورسٹی کے لیگل ایڈوائزرسے کہاکہ آپ کے ادارے کے وکیل موجود ہیں،آپ الگ سے ادارے کے لیگل ایڈوائزر بن کے کھڑے ہوگئے، آپ عدالت کے سامنے ہوشیاری مت دکھائیں، کیوں نہ عدالت کو گمراہ کرنے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیں۔ عدالت عظمیٰ نے ملازمین کی مستقلی کے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف یونیورسٹی کی نظر ثانی درخواست خارج قرار دیتے ہوئے فارغ کیے گئے 5 ملازمین کو فوری بحال کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا ۔