دورہ نیوزی لینڈ ، 6کھلاڑی کورونا کا شکار ، ٹیم کو واپس بھیجنے کا انتباہ

76

 

کراچی(اسپورٹس ڈیسک)نیوزی لینڈ میں موجود پاکستانی ا سکواڈ کے 6 ارکان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ جمعرات کو نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کرائسٹ چرچ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم اور مینجمنٹ کا گزشتہ روز پہلا کورونا ٹیسٹ لیا گیا تھا، جس کی رپورٹ آنے پر 6 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ مثبت آنے والوں میں تمام کھلاڑی ہیں یا ٹیم مینجمنٹ
کے ارکان بھی شامل ہیں۔ کورونا مثبت والے افراد کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔ جن 6 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں اس میں سے 4 کنفرم ہیں جبکہ 2 کا دوبارہ ٹیسٹ لیا جارہا ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق مثبت آنے والوں میں 6 میں سے 2 ارکان پہلے بھی کورونا کا شکار ہوچکے ہیں، پاکستانی ا سکواڈ کے کورونا سے متاثرہ افراد نے خود کوقرنطینہ کرلیا اور تمام تحقیقات مکمل ہونے تک ٹریننگ کی سہولت سے روک دیا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ نے کہا کہ پاکستانی اسکواڈ کے کچھ ارکان نے قرنطینہ کے پہلے روز ایس او پیز کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس حوالے سے ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ نیوزی لینڈ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ پاکستانی اسکواڈ کو آخری انتباہ جاری کیاہے‘ ٹیم کے چند اراکین کو سی سی ٹی وی کے ذریعے قرنطینہ کی خلاف ورزی کرتے دیکھا گیا ہے۔ 6 اراکین کی قرنطینہ میں کم از کم 4 مرتبہ کووڈ 19 ٹیسٹنگ ہو گی، پاکستان ٹیم مینجمنٹ سے کہا گیا ہے کہ تمام ممبران کو کمرے تک رہنے کا پابند بنایا جائے۔کورونا پروٹوکولز پر عمل درآمد یقینی بنانا لازمی ہے۔ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے بائیوببل کی 3یا 4خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی حکومت کے کورونا کے حوالے سے قوانین انتہائی سخت ہیں، کھلاڑیوں کوسختی سے ہدایت کی ہے کہ ملک کی عزت اوراحترام کا خیال کرتے ہوئے ہرممکن احتیاط برتیں، انہیں کہا کہ قرنطینہ کے 14 روز ایس او پیز کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے گزاریں، اس کے بعد آپ کو آزادی بھی ملے گی، آپ باہرگھوم پھر سکیں گے ہوٹلوں میں جا سکیں گے۔وسیم خان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ نے مجھے بتایا ہے کہ اگر مزید ایک بھی خلاف ورزی ہوئی تو وہ پوری ٹیم کو واپس پاکستان بھیج دیں گے، اگرانہوں نے ٹیم واپس بھیج دی تو یہ بڑی بدنامی کی بات ہوگی، مشکل ضرور ہے مگر پروٹوکولز پرعمل کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں،اب ہمارے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔