بیگم شمیم کی میت کل وطن پہنچے گی ، شہباز شریف اور حمزہ کی رہائی آج متوقع

68

 

لاہور/لندن(نمائندہ جسارت+صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی میت کل وطن پہنچے گی جبکہ صوبائی حکومت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی منظوری دیدی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بیگم شمیم اختر کی کی نماز جنازہ آج جمعہ صبح 11بجے ریجنٹ پارک مسجد لندن میں ادا کی جائے گی۔شریف خاندان کے ذمے دار ذرائع سے بتایا ہے کہ نمازجنازہ اورمیت کی پاکستان روانگی سے متعلق تمام تیاریاں
مکمل کرلی گئی ہیں۔کورونا وائرس کے باعث نماز جنازہ میں صرف 30 افراد کو شرکت کی اجازت ملی ہے۔خاندان کے انتہائی قریبی افراد شرکت کریں گے۔ نواز شریف کی والدہ کی میت میت برٹش ائرویزکی پروازبی اے 0259 سے لاہورکے لیے روانہ ہوگی جوہفتے کی صبح 6 بجکر 45 منٹ پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ائر پورٹ پہنچے گی جہاں سے میت کو براہ راستہ رنگ روڈ جاتی امرا پہنچایا جائے گا اور شریف میڈیکل سٹی میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد جاتی امرا کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا جائے گا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبائی کابینہ کی سفارشات کی روشنی میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر 5روز کے لیے رہائی کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد ان کی رہائی آج دوپہر 2 بجے متوقع ہے ۔