معاشرے کیلیے کھیلوں کی سرگرمیاں ضروری ہیں،پروفیسر غلام مصطفی

69

کراچی (اسٹاف رپورٹر )ڈی جے گورنمنٹ سائنس کالج کے پرنسپل پروفیسر غلام مصطفی چارن نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرے کیلئے فزیکل سرگرمیاں انتہائی ضروری ہیں ملک اور معاشرے میں نام روشن کرنے کے لئے اچھی تعلیم اور کھیلوں کا انعقاد ضروری ہے۔ ان خیالات کا ظہار انہوں نے ڈی جے سائنس جمنازیم میں بیڈمنٹن کھیل کر کالج میں غیر نصابی سرگرمیوں کے حوالے سے افتتاحی تقریب کا آغاز کرتے ہوئے کیا۔ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن ڈی جے گورنمنٹ سائنس کالج زرقا سہتو نے تقریب کا اہتما م کورونا تعطیلات سے ایک روز قبل کیا تھا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل ڈی جے گورنمنٹ سائنس کالج پروفیسر غلام مصطفی چارن نے کہاکہ آپ ہی ملک کا مستقبل ہیں جس سے امیدیں وابستہ ہیں، آپ تعلیم حاصل کرنے کے کیساتھ فزیکل سرگرمیوں میں حصہ لیں تاکہ ملک کا نام کھیلوں کے مختلف شعبوں میں بھی روشن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل بچے سوشل میڈیا پر گیم زیادہ کھیلتے ہیں جس سے بچوں کی فزیکل صحت متاثر ہوتی ہے اور آنکھوں پر بھی منفی اثر پڑتا ہے۔ اس موقع پر پروفیسر شہزاد مسلم ، پروفیسر اطہر علی ، امین اکبر ، سردار بخش ودھیو ، پروفیسر ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن زرقا سہتو سمیت بڑی تعداد میں اساتذہ اور بچے شریک ہوئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن زرقا سہتو نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ڈی جے سندھ گورنمنٹ سائنس کالج میں بیڈمنٹن ، کرکٹ ، فٹبال ، ٹیبل ٹینس باسکٹ بال و دیگر کھیلوں کے مقابلے منعقد کرائیں جائیں گے جو بھی ٹیمیں جیتے گی ان کا مقابلہ اندرونی سندھ کے کالجز کی ٹیموں سے کرائے جائیں گے انھوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی چھٹیوں کے بعد10 جنوری سے دوبارہ کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔