میچ کے دوران سخت جملوں کے استعمال کی گنجائش نہیں، جسٹن لینگر

73

سڈنی(جسارت نیوز)آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے کوچ جسٹن لینگر نے کہا ہے کہ بھارت کیخلاف سیریز میں سخت جملے بازی کی کوئی گنجائش نہیں۔ کانفرنس کال کے دوران جسٹن لینگر نے کہا کہ کرکٹ سیریز کے دوران سخت جملوں کے استعمال کو بالکل بھی برداشت نہیں کریں گے، انکی ٹیم ماضی کی اس چیز سے آگے نکل چکی ہے۔ کھیل میں تفریح ،ہنسی مذاق کی گنجائش ہے پر غیراخلاقی زبان کے استعمال کی بالکل نہیں۔آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے کوچ نے مزید کہا کہ ماضی میں انکی ٹیم کھیل کے دوران سخت جملوں کا استعمال کرنے کی وجہ سے بدنام تھی لیکن اب ایسا نہیں ہے۔ آسٹریلیا اور بھارت کے میچز لوگوں کو زبردست تفریح فراہم کریں گے۔ آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے جارحانہ اوپنر ڈیوڈ وارنر نے بھارت کے خلاف کرکٹ سیریز میں اپنے پلان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر میچز کے دوران بھارتی کھلاڑیوں نے ان سے چھیڑ چھاڑ کی یا جملے کسے تو وہ اس کا جواب غصے سے نہیں بلکہ اپنی کارکردگی سے دیں گے۔ماضی میں کئی مرتبہ آسٹریلیا اور بھارت کے کھلاڑیوں کے درمیان میچز میں غصے کا اظہار اور سخت جملوں کا تبادلہ ہوچکا ہے۔آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان 3ون ڈے ،3ٹی ٹوئنٹی اور 4ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹیمیں آج پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں سڈنی میں مدمقابل ہوں گی۔