قائداعظم ٹرافی ،ناردرن نے فیضان کی سنچری کی بدولت 371رنز بنالئے

88

کراچی (اے پی پی ) قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کے5ویں رائونڈ کے پہلے روز ناردرن نے خیبر پختونخواہ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے5 وکٹوں کے نقصان پر 371 رنز بنا ئے جبکہ سدرن پنجاب نے سینٹرل پنجاب کے خلاف 5 وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز اور اکبر الرحمان کے 155 رنزناٹ آئوٹ کی بدولت بلوچستان نے سندھ کے خلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر333 رنز بنالیے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ناردرن نے ٹا س جیت کر خیبر پختونخواہ کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے روز کھیل کے اختتام پر 87 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 371 رنز بنا لیے ۔ فیضان ریاض نے شاندار بیٹنگ کی وہ 124 رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں ۔ انہوں نے اب تک 162 گیندوں کا سامنا کیا ہے، ان کی اننگز میں 16 چوکے اور ایک چھکا شامل ہے۔ ان کے ساتھ دوسرے ناٹ آئوٹ بیٹسمین آصف علی ہیں جو ایک رن پر بیٹنگ کر رہے ہیں ۔ محمد نواز نے بھی پہلے روز سنچری اسکور کی ، انہوں نے 146 گیندوں پر 121 رنز 15 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے بنائے ۔ ناصر نواز 68 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔خیبر پختونخواہ کی جانب سے ساجد خان نے 98 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ ارشد اقبال ، خالد عثمان اور زوہیب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ۔ اسی طرح یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں دوسرے میچ میں سدرن پنجاب اور سینٹرل پنجاب کی ٹیمیں مد مقابل ہیں ۔ سدرن پنجاب نے ٹا س جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے روز کھیل کے اختتام پر 88 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز بنا لیے ۔ سلمان علی آغا 62 اور محمد عمران3 رنز پر ناٹ ائوٹ بیٹسمین ہیں ۔ عمر صدیق 6 رنز کے فرق سے اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے ۔ انہیں 94 رنز پر وقاص مقصود نے آئوٹ کیا ۔ زین عباس 69 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ سیف بدر نے 22 رنز بنائے ۔ سینٹرل پنجاب کی جانب سے وقاص مقصود اور احمد صافی نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں ۔ اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے تیسرے میچ میں بلوچستان اور سندھ کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہے ۔ بلوچستان نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر اکبر الرحمان کے 155 رنزناٹ آئوٹ کی بدولت 3 وکٹوں کے نقصان پر333 رنز بنا لیے، اکبر الرحمان کی اننگز میں 12 چوکے اور 4 چھکے شامل ہیں ۔ پہلے روز 87 اوورز کا کھیل ہوا ۔ان کے ساتھ دوسرے ناٹ آئوٹ بلے بازایاز تصور ہیں جنہوں نے 67 رنز بنائے ہیں ۔ علی وقاص 46 رنز بنا کر رن آئوٹ ہو گئے ۔ عظیم گھمن نے 22 اور عمران فرحت نے 33 رنز بنائے ۔ شاہنوازدھانی اور ابرار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ۔