سندھ بار کونسل کے الیکشن اچانک ملتوی،وکلا بپھر گئے،شدید احتجاج

62

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)سندھ بار کونسل کے 28نومبر کوہونیوالے الیکشن کے اچانک التواپر حیدرآباد ہائی کورٹ‘ ڈسٹرکٹ بار‘ الیکشن میں حصہ لینے والے تمام 22امیدواروں اور وکلا کا شدید احتجاج ۔ایڈووکیٹ جنرل سندھ کے فیصلے کو مستردکرتے ہوئے التواء کے خلاف آج سے تین روزہ ہڑتال اور تحریک چلانے کا اعلان۔وزیراعلیٰ ہاؤس اورایڈووکیٹ جنرلسندھ کے گھیراؤسمیت لانگ مارچ کی دھمکی دی ہے۔ جمعرات کی شب حیدرآباد ڈسٹرکٹ بار کے آخوند ہال میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران سندھ بارکونسل کے الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں تاج محمدکیریو‘ فرہادد ابڑو‘ کے بی لغاری‘ سچل اعوان‘پروین چاچڑ ،اغیث الاسلام، طاہر زادہ‘اندرجیت لوہانو‘ ضیاء الرحمن شیخ‘ ظہور احمدبلوچ‘ نسیم شاہ‘ اعجاز احمد اعوان‘ وقار بھرگڑی‘ اعجاز سولنگی‘ حکیم چانڈیو ودیگرنے کہاکہ حکمراں جماعت نے اپنے امیدواروں کی شکست سامنے دیکھنے کے بعد سازش کے تحت الیکشن ملتوی کیے ہیں جسے تسلیم نہیں کرتے‘ غیر قانونی‘ غیرآئینی‘اور غیرجمہوری اقدام ہے۔ الیکشن اعلان کردہ شیڈول کے تحت کرائے جائیں۔چیف جسٹس سپریم کورٹ اورچیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ فوری نوٹس لیکر ایڈووکیٹ جنرل سندھ کے فیصلے کوکالعدم قراردیں۔وکلا نے سندھ بارکونسل کے الیکشن کے لیے کئی مہینے جدوجہد کرکے اپنا قیمتی وقت اورپیسہ خرچ کیاہے‘ 48گھنٹے قبل اچانک الیکشن کے التواکا اعلان خود کش حملہ ہے،اس اقدام سے وکلا کو شدید تکلیف پہنچی ہے۔ سندھ ہائی کورٹ بار کے قائم مقام صدر فرہاد ابڑو نے کہا کہ 29نومبر کو آصف زرداری کی صاحبزادی بختاور کی منگی کی تقریب‘ جبکہ ملک بھر میں شادی بیاہ‘ جلسے‘جلوسوں اورالیکشن کاسلسلہ بھی جاری ہے کیا اس سے کورونا کا خدشہ نہیں ہے‘جوکورونا کی آڑ لیکر الیکشن ملتوی کیے گئے ہیں۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ کااقدام شرمناک ہے‘الیکشن ملتوی کرکے جمہوری نظام کونقصان پہنچا یاگیاہے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکریٹری کے بی لغاری نے اعلان کیا کہ سندھ بارکونسل کے الیکشن ملتوی ہونے پر احتجاجاً آج(جمعہ) سے 3روز تک ڈسٹرکٹ بار کی کارروائیوں کا مکمل بائیکاٹ کیاجائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے دھمکی دی کہ الیکشن کاالتوافوری واپس نہ لیا تو وکلا لانگ مارچ کرینگے اور وزیراعلیٰ ہائوس اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ کے آفس کاگھیرائوکریں گے‘وکلا نے اس موقع پر شدید نعرے بازی بھی کی اور الیکشن 28نومبر کو کروانے کا متفقہ مطالبہ کیا۔