ملک بھر میں سردی کوئٹہ میں پانی جم گیا،کراچی میں بھی شدت

72

ملک بھر میں سردی کی لہر میں اضافہ ہو گیا ہے، کوئٹہ میں درجہ حرارت نقطہ ٔ انجماد سے نیچے چلا گیا۔کراچی کو سرد ہوائوں نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، محکمہ ٔ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں سردی کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔کراچی میں ہوائوں کی رفتار تیز ہو کر 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی ہے۔ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں دو روز قبل ہونے والی بارش کے بعد سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔محکمہ ٔ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہرِ قائد میں جمعرات کو صبح سویرے درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ کراچی میں چلنے والی سرد ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ خشک ہوا کی وجہ سے جو بیماریاں پھیل رہی تھیں بارش کے بعد اس میں کمی ہوئی ہے۔ادھر بارش اور پہاڑوں پر برف باری کے بعد بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔وادیٔ کوئٹہ میں درجہ حرارت نقطہ ٔ انجماد سے 4 درجے نیچے تک گر گیا ہے، سردی کے باعث شہر میں مختلف جگہوں پر کھڑا پانی بھی جم گیا۔کوئٹہ میں سردی اور برفباری کا براہ راست اثر کراچی پر بھی پڑتا ہے چنانچہ محکمہ ٔ موسمیات کے مطابق کوئٹہ شہر اور نواحی علاقوں میں گزشتہ روز کی نسبت سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے،بدھ کی صبح سویرے کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔سردی کی شدت کے باعث شہر میں مختلف جگہوں پر کھڑا پانی بھی جم گیا، یخ بستہ موسم میں بھی گراونڈز اور پارکوں میں نوجوانوں اور معمر افراد کا معمول کی واک اور ایکسرسائز کا سلسلہ جاری رہا۔دوسری جانب سردی میں اضافے کے ساتھ سوئی گیس کے پریشر کا مسئلہ برقرار ہے اور صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔حالانکہ وفاقی حکومت نے سردی کے باوجود گیس کی فراہمی برقرار رکھنے اور لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم جگہ جگہ گیس کی سپلائی بند اور پریشر میں بے انتہا کمی کی شکایات ملی ہیں۔کوئٹہ کے علاوہ صوبے کے دیگر بیشتر شہروں میں بھی موسم مزید سرد ہوگیا ہے، قلات میں درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ژوب میں درجہ حرارت ایک، دالبندین میں 2، نوکنڈی میں 3، پنجگور اور خضدار میں 4، سبی میں 7، گوادر میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں گزشتہ روز ہونے والے بارش کے بعد موسم سرد ہے۔
محکمہ ٔ موسمیات کے مطابق آئندہ دو تین روزکے دوران اسلام آباد اور ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔دوسری طرف آزاد کشمیر میں برف باری اور بارش کا سلسلہ وقفے وقفے کے ساتھ جاری ہے، جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ملک بھر میںلوگوں نے گرم کپڑوں کی خریداری بھی شروع کر دی ہے۔ گرم کپڑوں کی خریداری کے لیے ایس او پیز کا بھی خیال نہیں رکھا گیا اور راتوں کو ٹھیلوں پر لوگوں نے گرم کپڑے خریدے۔ مارکیٹوں کو چھ بجے شام تک بند کیا جا رہا تھا تاہم کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی شرط اور احتجاج کے بعد حکومت نے 8 بجے تک مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔ آنے والے دنوں میں سردی کی لہر میں مزید اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
طبی ماہرین نے عوام کو احتیاط کا مشورہ دیا ہے خصوصاً زیادہ عمر کے لوگوں کو سردی سے بچائو کا مکمل اہتمام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ سردی کے اثرات میں ااکر عالمی وبا کا شکار ہونے سے بچ سکیں۔ ماہرین نے پہلے سے بیمار لوگوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔