اسلامی نظام ملک و قوم کی ترقی کیساتھ ہماری بقا کا ضامن ہے

67

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ اسلامی نظام ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیساتھ ہماری بقا کا ضامن ہے۔سیرت مصطفی ﷺ کائنات کے تمام انسانوں کیلیے مشعل راہ اور ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ اسلام ’’سلامتی اور امن‘‘ سے عبارت ہے اور اس کا نام ہی ہمیں امن و سلامتی اور احترام انسانیت کا درس دیتا ہے۔ دین اسلام زندگی کے ہر شعبہ میں ہماری مکمل رہنمائی کرتا ہے اور اس کی نگاہ میں بنی نوع انسان کا ہر فرد بلا تفریقِ مذہب و ملت احترام کا مستحق ہے۔اسلام اور اسلامی تشخص کے خلاف سازشوں اور پروپیگنڈے کے خلاف امت مسلمہ کو متحدہوکر لادینی قوتوں کا مقابلہ کرنا ہوگا اور اسلامی نظام کے نفاذ کیلیے جدوجہد کرنی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ریلوے پریم یونین ورکشاپ کے زیر اہتمام ہونے والی سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سیرت کانفرنس میں صدر پاکستان ریلوے پریم یونین ورکشاپ ڈویژن لاہور چودھری محمود الاحد،صفدر چودھری ، محمد ارشد ، عبدالقوم اعوان ، مشتاق بھٹی، عبدالرشید باجوہ اور رفیق اعوان سمیت دیگر عہدیداران اور ورکرز نے شرکت کی ۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کی لڑائی کسی سیاستدان یا پارٹی سے نہیں بلکہ اس استحصالی نظام سے ہے جس کی وجہ سے کرپٹ اور بددیانت لوگ اقتدارتک پہنچ جاتے ہیں۔ دووقت کی روٹی کمانے والا مزدور صحت و تعلیم اور روزگار جیسی انسانی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے نامور ادارے ریلوے اورپی آئی اے نااہل لوگوں کی وجہ سے خسارے میں چل رہے ہیںاور یہاں چھوٹے طبقے کے ملازمین انسانی بنیادی حقوق کے حصول کیلیے پریشان ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملکی مسائل کا حل صرف نظام کی تبدیلی کے ذریعے ممکن ہے ۔حضورﷺ کا لایا ہوا دین بھی لوگوں کے مسائل کا حقیقی حل ہے ۔میاں ذکر اللہ مجاہداس موقع پر لوگوں سے وعدہ بھی لیا کہ وہ حضورﷺ کی سیرت ؐ کو بھی اپنائیں گے اور حضورﷺ کے لائے ہوئے نظام کے نفاذ کیلیے ہر فرد اپنا کردارادا کرے گا۔