کوہاٹ پولیس نے آئل اینڈ گیس سپلائی لائن سے خفیہ کنکشن پکڑ لیا

76

 

کوہاٹ (این این آئی) کوہاٹ پولیس نے آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ کی مین سپلائی لائن سے خفیہ کنکشن لے کر بڑے پیمانے پر خام تیل چوری کرنے کی کوشش ناکام بناکر کروڑوں روپے کی چوری میں مبینہ طور پر ملوث 8 رکنی بین الصوبائی گروہ کو گرفتار کرلیا اور پکڑے گئے ملزمان کے قبضے سے تین گاڑیاں اور متعدد ڈرم بھی برآمد کرلیے۔ پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ ضلع کوہاٹ کے دورافتادہ اور تیل و گیس کے وسائل سے مالا مال علاقہ شکر درہ میں بعض افراد آئل اینڈ گیس لمیٹڈ کمپنی کی میلہ پلانٹ سے نکلنے والی مین سپلائی پائپ لائن سے بڑے پیمانے پر خام تیل (کروڈ آئل) چوری کرنے میں مصروف ہیں، جس پر ڈی پی او کوہاٹ نے ایس ایچ او شکر درہ فرید خان نے ملزمان کیخلاف پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے شکر درہ کے علاقے کروڑی کلے میں اچانک چھاپا مارا جہاں پولیس نے میلہ پلانٹ کی مین سپلائی پائپ لائن سے غیر قانونی کنکشن کے ذریعے کروڈ آئل کی چوری میں ملوث افراد محمد ریاض سکنہ شکر درہ سمیت 8 ملزمان کو موقع پر رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا اور ملزمان کی 3 پک اپ گاڑیاں 17 عدد آہنی ڈرم اور خام تیل کی چوری میں استعمال ہونے والے دیگر آلات قبضے میں لے لیے۔ پولیس کے مطابق زیر حراست دیگر ملزمان عدنان، محمد جان، توفیق، زاہد اللہ، رحمت خان، صالحین، نواب اور عزیز کا تعلق ضلع چارسدہ کی تحصیل تنگی اور شیرپاؤ سے ہے جن کیخلاف تھانہ شکر درہ میں کروڈ آئل چوری کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور انہیں مقامی عدالت میں پیش کرنے کے بعد جسمانی ریمانڈ حاصل کرکے تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے، جن سے پوچھ گچھ جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق زیر حراست ملزمان یومیہ بڑے پیمانے پر کروڈ آئل چوری کرکے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کے مرتکب ہوئے ہیں جن کے گرد گھیرا مزید تنگ کرتے ہوئے قومی معدنیات لوٹنے کا منصوبہ ناکام بنانے کے حوالے سے مؤثر و منظم کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔