شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قاتلوں کو پھانسی دو، جے یو آئی

63

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قاتلوں کو پھانسی دو،جے یو آئی اور شہریوں کا مظاہرہ، شہر میں مارچ اور پریس کلب کے سامنے دھرنا، 26 نومبر کو لاڑکانہ میں شہید اسلام کانفرنس میں ضلع سے 500 گاڑیوں کا قافلہ شرکت کرے گا۔ مولانا فضل الرحمن اور دیگر رہنما خطاب گریں گے۔ جمعیت علماء اسلام کی جانب سے شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قاتلوں کو پھانسی دینے کے لیے ایک احتجاجی مظاہرہ جے یو آئی کے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، مولانا عبدالجبار رند، حماد اللہ انصاری، چاکر خان جکھرانی، تاج محمود امروٹی اور دیگر کی قیادت میں دفتر جے یو آئی جیکب آباد سے نکالا گیا۔ مظاہرین نے شہر کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے شہر کے اہم ڈی سی چوک اور بعد ازاں پریس کلب کے سامنے دھرنا دے کر روڈ بند کردیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ شہید کا کیس سست روی سے چلنا افسوسناک ہے، کیس میں ایک سازش کے تحت صرف تاریخوں پر تاریخیں دی جارہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہید ڈاکٹر کے قاتلوں کو پھانسی کی سزا دے کر بے گناہ کے خون سے انصاف کیا جائے۔ اس موقع پر جے یو آئی کے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری نے اعلان کیا کہ 26 نومبر کو لاڑکانہ میں ہونے والی شہید اسلام کانفرنس میں ضلع جیکب آباد سے 500 گاڑیوں کا بڑا قافلہ شرکت کرے گا، جس میں پی ڈی ایم اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور دیگر رہنما تقاریر کریں گے۔