حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی ضلع حیدرآبادعقیل احمد خان نے کہاہے کہ گیس کی قیمت میں اضافہ کرکے پی ٹی آئی بھی سابقہ حکومتوں کے نقش قدم پر چل پڑی ہے۔ یہی روش جاری رہی تو موجودہ اورسابقہ حکومتوںکے درمیان فرق ختم ہوجائے گا،حکومت سطحی اقدامات کرنے کے بجائے ٹھوس معاشی پالیسی کااعلان کرے ۔انہوں نے کہاکہ ماضی کی حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت نے بھی عوام پر گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مہنگائی کابم گرادیاہے اس اقدام سے عوام کومہنگائی کے ایک نئے عذاب کاسامناکرناپڑے گا۔انہوں نے کہاکہ بنیادی ضروریات زندگی عوام کی پہنچ میں ہوناچاہیے لیکن حکومتیں سب سے زیادہ نشانہ بنیادی ضروریات زندگی کوبناتی ہیں بجلی ،گیساورپیٹرول عوام کی لازمی ضرورت بن گئی ہیں ان میں اضافہ دراصل اشیاءکوعوام کی پہنچ سے دورکرناہے۔ گھریلوصارفین ،گھریلوصنعت اورمشترکہ خاندان میں رہنے والے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے،گھروں میں چھوٹے موٹے کام کرنے والے مزدور اورخواتین جن کاروزگارہی گیس سے چلتاہے گیس کابل بڑھ جائے گااور وہ خاندان جومشترکہ طورپر ایک ہی میٹر استعمال کرتے ہیں ان پر زیادہ بوجھ پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ انتخابات سے قبل اوربعدمیں حکومت نے بلندبانگ دعوے کیے تھے لیکن عملاًاس کے الٹ کیاجارہاہے حکومت کی کوئی معاشی پالیسی ہے ہی نہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ بے شک ملک کووسائل کی شدیدضرورت ہے لیکن اس کامطلب یہ نہیں کہ اس کاتمام تربوجھ غریب آدمی پر لاد دیاجائے ۔