کراچی : نیب کے جعلی اہلکار کا افسران وشہریوں کو ہراساں کرنے کا انکشاف ہواہے، نیب نے مذکورہ شخص کے شکار افسران کی تفصیلات طلب کرکے چیف سیکریٹری سندھ کو خط ارسال کردیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق خالد حسین سولنگی نامی شخص ہراساں کرکےبھتہ طلب کررہاہے، خالد سولنگی دبئی میں مقیم ہے اور خود کو چیئرمین نیب کا پرسنل اسسٹنٹ ظاہر کرتاہے، خالد نامی شخص مختلف نمبرز سے سندھ کے افسران کو کال کرکے بھتہ طلب کررہاہے۔
نیب حکام نے اس سلسلے میں وضاحت دیتے ہوئے کہاکہ نیب کا کوئی بھی نمائندہ کسی بھی شہری کو براہ راست فون نہیں کرسکتا،نیب انکوائری کے بعد مذکورہ شخص کو پاکستان لانے کی کوشش کی جارہی ہے، جس کے لیے دبئی حکام سے رابطہ کیا گیا ہے، امید ہے کہ جلد ملزم اداروں کی تحویل میں ہوگا۔