جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ 11 سو ارب کے ترقیاتی پیکج کے نام پر کراچی کے شہریوں کےساتھ مذاق کیا جارہا ہے.سرکلر ریلوے منصوبہ کا افتتاح تو کردیا گیاہے مگر ریلوے اسٹیشنز کھنڈارت کا منظر پیش کر رہے ہیں. ٹرینیں کہاں چلائی جائیں گی؟بارش کے بعد بھی شہر کی بڑی سڑکوں کی مرمت نہیں کی گئی،حکومتی کمیٹی درست مردم شماری اور بااختیار شہری حکومت کے قیام کو بھی اپنے ایجنڈے میں شامل کرے نوجوانوں کو ساتھ ملا کر حقوق کراچی کی تحریک کو مزید تیز کریں گے.ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورِ حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا.اس موقع پر نائب امیر راجہ عارف سلطان،ممبر سندھ اسمبلی سید عبدالرشید،انجینئر سلیم اظہر اور سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے.پریس کانفرنس سے قبل صحافیوں کو سرکلر ریلوے منصوبے کے حوالے سے مختصر رپورٹ بھی دیکھائی گئی.
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کراچی ٹرانسفورمیشن کمیٹی قائم کی گئی تھی ،پاک فوج کو بھی اس میں شامل کیا گیا تھا ،مسائل صرف کمیٹیاں قائم کرنے سے نہیں حل ہو سکتے،رواں سال بھی بارشوں کے بعد شہر کی مخدوش صورتحال کے پیشِ نظر حکومت کی جانب سے فنڈ جاری کرنے کا کہا گیا تھا مگر اب تک بڑی سڑکوں تک کی مرمت نہیں کی گئی، کراچی کی تباہی کی ذمہ دار وفاقی و صوبائی حکومتیں ہے.انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کراچی ملک کی ترقی کے لئے 75فیصد اور سندھ کو 95 فیصد ریونیو دیتا ہے مگر کراچی بنیادی حقوق سے محروم ہے . گرین لائن منصوبہ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ تو حکومتی منصوبہ ہے مگر سوا دو سال میں اس پر 10 فیصد بھی کام نہیں ہوسکا ہے اور تاخیر کی وجہ سے اس کی لاگت میں مزید اضافہ ہورہا ہے.امیر جماعت اسلامی کراچی کا مزید کہنا تھا کہ سیوریج مسائل کے حوالے سے S3 منصوبہ بھی شروع نہیں کیا گیا شہرکی گلیاں اور سڑکیں گٹر کے پانی کی وجہ سے تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں.تحریک انصاف نے کراچی سے 14 نشستیں حاصل کی ہیں مگر ان کی کارکردگی صفر ہے.شہر کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے سوشل میڈیا پر نوجونواں کے لئے وڈیو زمقابلے کاانعقاد کریں گے جو مسائل کے حل اور نوجوانوں کی قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوگا.حق دو کراچی تحریک ہر شہری کی آواز بن چکی ہے، نوجوانوں کو ساتھ ملا کر تحریک مزید تیز کریں گے.حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے حکومتی کمیٹی درست مردم شماری اور بااختیار شہری حکومت کے قیام کو بھی اپنے ایجنڈے میں شامل کرے.سید عبد الرشید نے کہا کہ لیاری کی صورتحال بھی شہر کے دیگر مسائل سے مختلف نہیں ہے،گیس کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت لیاری کے مسائل کو فوری حل کرے.