ڈیٹا محفوظ کرنیوالا دنیا کا سب سے چھوٹا آلہ تیار

204

آسٹن: ٹیکساس یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے ڈیٹا محفوظ کرنیوالا دنیا کا سب سے چھوٹا آلہ ایجاد کرلیا ہے جو دو جہتی (ٹوڈی) مٹیریئل سے بنایا گیا ہے اور اس کی جسامت ایک نینومیٹر کے برابر ہے۔

تفصیلات کے مطابق  سائنسدانوں نے اسے ایٹم رِسٹر کا نام دیا ہے یعنی یہ ایک ایسا ٹرانسسٹر ہے جو ایٹمی پیمانے پر ڈیٹا محفوظ کرتا ہے  جبکہ یہ آلہ سنگل ایٹموں کی حرکت سے کام کرتا ہے اور اس کی بدولت نہایت چھوٹے میموری آلات میں معلومات اور ڈیٹا کا ایک انبار رکھا جاسکے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ آلہ برقیات کے بالکل نئے ابھرتے ہوئے شعبے’میمرسٹر‘سے تعلق رکھتا ہے اور اس میں مزاحمتی سوئچ کے درمیان ڈیٹا رکھا جاتا ہے اور جب ایک خاص مادے پر خاص وولٹیج دیا جاتا ہے تو اس کی برقی مزاحمت تبدیل ہوکر یا تو کمزور ہوجاتی ہے یا پھر مضبوط ہوجاتی ہےجبکہ اس مظہر کو ڈیٹا لکھنے اور مٹانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے اور آخر میں اسی مزاحمتی عمل کو محفوظ شدہ ڈیٹا پڑھنے کیلئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایٹمی سطح پر ڈیٹا کو محفوظ رکھا جاسکتا ہے اور اس کےلیے مولبڈینم ڈائی سلفائیڈ کو استعمال کیا گیا ہے ، لیکن عین یہی عمل بہت سے مادوں پر آزما کر انہیں بھی’ایٹم رِسٹر‘بنایا جاسکتا ہے اور اس طرح یہ دنیا کی سب سے چھوٹی میموری ہے جو ایٹمی پیمانے پر بنائی گئی ہے۔

ایٹم رِسٹر بنانے کےلیے ماہرین نے مولبڈینم ڈائی سلفائیڈ کو ایک نینومیٹر لمبے اور ایک نینومیٹر چوڑے ٹکڑوں میں تقسیم کیا جن کی موٹائی صرف ایک ایٹم جتنی تھی اور اس طرح نظری طور پر ایک مربع سینٹی میٹر کے ٹکڑے پر 25 ٹیرابائٹ جتنا ڈیٹا محفوظ کیا جاسکتا ہے جو موجودہ فلیش میموری میں فی مربع سینٹی میٹر گنجائش سے بھی 100 گنا زیادہ ہے جبکہ دلچسپ بات یہ ہے کہ ایٹمی سطح پر اسٹوریج کےلیے توانائی بھی بہت کم درکار ہوتی ہے۔