آسٹریلیا نے بھارت کو پہلے ون ڈے میںشکست دے دی

73

سڈنی (جسارت نیوز)آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم نے بھارتی کرکٹ ٹیم کوسیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں 66رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ۔ ا سٹیون ا سمتھ کو شاندار سنچری بنانے پرمیچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جمعہ کو سڈنی میں ہونے والے بھارت آسٹریلیا سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔آسٹریلوی اوپنر ز ڈیوڈ وارنر اور کپتان ایرون فنچ نے 156 رنز کی شاندار پارٹنر شپ قائم کی۔ ایرون فنچ اور ا سٹیون اسمتھ نے شاندار سنچریاں اسکور کرکے آسٹریلیا کے مجموعی اسکور کو 374 رنزتک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔فنچ نے 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 114 رنز اور ا سٹیون ا سمتھ نے 66 گیندوں پر11 چوکوں اور 4 چھکوں کی بدولت 105 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ ڈیوڈ وارنر 69 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ بھارت کے محمد شامی کامیاب بولر رہے انہوں نے 59 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ 375 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا تاہم شیکھر دھون اور ہارڈیک پانڈیا کی عمدہ کارکردگی سے بھارتی ٹیم ہدف کے قریب پہنچنے میں کامیاب رہی۔ شیکھر دھون نے 74 رنزاور ہارڈک پانڈیا نے 90 رنز کی اننگز کھیلی۔ تاہم بھارتی ٹیم ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز ہی بنا سکی۔ آسٹریلیا کی طرف سے ایڈم زمپا اور جوش ہیزلووڈ کامیاب بولرز رہے۔