کورونا وائرس :پشاور ،کراچی، حیدر آباد سب سے زیادہ متاثر، مزید54 افراد جاں بحق

52

اسلام آ باد(نمائندہ جسارت)کورونا وائرس سے پشاور ،کراچی، حیدر آباد سب سے زیادہ متاثر جب کہ ایک روز میں 3 ہزار 113 افراد وائر س کا شکارہوئے ، کیسز کی تعداد 3 لاکھ 89 ہزار 311 ہوگئی، مزید54 افراد جاں بحق ہوئے،مجموعی اموات کی تعداد 7 ہزار 897 تک پہنچ گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) اجلاس میں طبی ماہرین کی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 7.20 فیصد ہوگئی ہے،ملک بھر میں کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، ملک بھر میں اس وقت 2 ہزار 112 کورونا مریضوں کی حالت تشویشناک ہے،پشاور میں مثبت کیسز کی شرح سب سے زیادہ ہے جو 19.65 فیصد تک پہنچ گئی ہے، کراچی 17.73 اور حیدر آباد میں مثبت کیسز کی شرح 16.32 فیصد ہے ، آزادکشمیر میں کوروناکے مثبت کیسز کی شرح 10.79 ،پنجاب 3.59، سندھ13.25، بلوچستان 6.41 ، گلگت بلتستان 4.81 اور اسلام آباد میں 5.84 فیصد ہے، کورونا کیسزکی مثبت شرح خیبرپختونخوا میں 9.25 فیصد، لاہور 4.52 ، راولپنڈی 11.49، کراچی17.73، حیدرآباد 16.32، کوئٹہ9.77 اور مظفرآباد میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 10.34 فیصدہے۔این سی او سی اجلاس کے شرکا کو علما اور شادی ہالزایسوسی ایشنزکے ساتھ ملاقات سے بھی آگاہ کیا گیا۔اسد عمر نے کہا کہ عوام کی حفاظت اوران کی صحت کے لیے اقدامات ہماری اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے وزارت صحت نے ایس او پیزپرعمل درآمد کے لیے سخت ہدایات جاری کردی ہیں، تمام صوبے ہیلتھ گائیڈ لائنز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔اجلاس کے دوران مساجد میں ایس او پیز پرعملدرآمد اورعلمائے کرام کی جانب سے آگاہی کی تعریف کی گئی۔کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں اموات کی مجموعی تعداد 7ہزار897 ہوگئی ہے اور 3لاکھ 89ہزار311 متاثر ہیں۔اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد28 ہزار980، خیبرپختونخوا46 ہزار281، سندھ ایک لاکھ 68 ہزار783،پنجاب ایک لاکھ 17 ہزار 160، بلوچستان 17 ہزار8، آزاد کشمیر میں 6 ہزار 501 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 598 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 2 ہزار 945 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔سندھ میں 2 ہزار 885، پختونخوا ایک ہزار346، اسلام آباد 305 ، گلگت بلتستان96، بلوچستان میں 165 اور آزاد کشمیر میں155 افراد جان کی بازی ہارچکے۔