اسٹیل مل کے ملازمین کی برطرفی پرملک گیراحتجاج کرینگے‘ این ایل ایف

169

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ اسٹیل مل کے 4500 ملازمین کی جبری برطرفیاں ظلم کی انتہا ہے، ایک کروڑ نوکریاں دینے کے دعویدار غریب عوام کو بے روزگاری بھوک اور غربت کی دلدل میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کی جبری برطرفیوں پرایک مذمتی بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل لیبر فیڈریشن ادارے کے محنت کشوں کی جبری برطرفی کسی قیمت پر برداشت نہیں کرے گی اور پوری قوت کے ساتھ ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اسٹیل مل ملک کا قومی ادارہ معیشت میں ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس ادارے کو محنت کشوں نے نہیں بلکہ کرپٹ حکمرانوں اور نااہل انتظامیہ نے تباہ کیا۔ عمران خان اور وفاقی وزیر اسد عمر نے متعدد مرتبہ اسٹیل مل کو چلائے جانے اور اس میں پیداواری عمل شروع کیے جانے کی یقین دہانی بھی کرائی تھی۔انہوں نے کہا کہ عدالت عالیہ ادارے کی تباہی و بدحالی اورہزاروں محنت کشوں کی جبری برطرفیوں کا فوری نوٹس لے تاکہ قومی اثاثہ تباہ وبرباد ہونے سے بچ جائے۔انہوں نے برطرف نلازمین کو بھی یقین دہانی کرائی کہ نیشنل لیبر فیڈریشن محنت کشوں کے ساتھ ہے اورہم کسی قیمت پرآپ کے ساتھ ظلم وزیادتی نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے پاکستان اسٹیل لیبر یونین پاسلو کے ذمے داران کو بھی تاکید فرمائی کہ وہ برطرف ملازمین سے فوری طور پر رابطہ کریں اور انہیں حوصلہ فراہم کریں ۔