مقبوضہ کشمیر‘ علی گیلانی کا ترقیاتی کونسل الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان

129

سری نگر (خبر ایجنسیاں) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین بزرگ کشمیر ی رہنما سید علی گیلانی نے کشمیری عوام سے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) کے انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت جب بھارت کے غیرقانونی قبضے کے خلاف ہماری تحریک ایک نازک مرحلے سے گزر رہی ہے‘ ڈی ڈی سی کے انتخابات منعقد کرانا آبادیاتی تبدیلی، زمین چھیننے، غیرقانونی کالونیاں تعمیر کرنے، ہماری معیشت پر حملہ آور اور ہماری روزی کو ختم کرنے کا نیاگھناونی کھیل ہے۔ اپنے جاری بیان میں سید علی گیلانی نے کہا کہ ایسے انتخابات میں شامل یا لڑنے والے تمام لوگ اور سیاسی جماعتیں تحریک آزادی کے خلاف کردار ادا کر رہی ہیں‘ ان کی سرگرمیاں نہ صرف بھارت کے قبضے کو قانونی جواز فراہم کر رہیں ہیں بلکہ وہ بھارتی قابض انتظامیہ کے ہاتھوں جموں و کشمیر کے لوگوں کو ختم کرنے کے لیے ڈی ڈی سی، بی ڈی سی اور پنچایت جیسے ان نئے قابض ڈھانچوں کو قائم کرنے میں برابر کے ذمہ دارہیں۔ دریں اثنا مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے ایک بار پھر انہیں حراست میں لے لیا ہے۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ2 دن سے اپنے ساتھی وحید پرہ کے اہلخانہ سے ملنے کی کوشش کر رہی ہوں لیکن انتظامیہ اجازت نہیں دے رہی۔