پاکستان اورجرمنی ‘ 18.5ملین یورو مالیت کے 3 معاہدوں پردستخط

74

اسلام آباد(اے پی پی) پاکستان اورجرمنی نے صحت ، توانائی اورماحولیاتی تبدیلی کے شعبوں میں 18.5 ملین یورو مالیت کے 3 مالیاتی معاہدوں پردستخط کردیے۔معاہدوں پردستخط کرنے کی تقریب جمعہ کو وزارت اقتصادی امورمیں منعقد ہوئی۔ سیکرٹری اقتصادی امورڈویژن نوراحمد اورجرمن ڈیولپمنٹ بینک کے کنٹری ڈائریکٹرسیباستین جیکب نے ان معاہدوں پردستخط کیے۔معاہدوں کے تحت جرمنی پاکستان کوصحت ،توانائی اورماحولیاتی تبدیلی کے شعبہ جات میں منصوبوں کے لیے فنڈ مہیا کریگا۔ معاہدوں کے تحت جرمنی کی حکومت صحت کی سہولیات کی فراہمی، پولیو کی روک تھام اورشعبہ صحت سے وابستہ خواتین کو سہولیات فراہم کرنے کے ضمن میں پاکستان کی حکومت کومعاونت فراہم کرے گی۔ صحت کے نجی شعبے میں خواتین کو روزگارفراہم کرنے کے ضمن میں جرمن ڈیولپمنٹ بینک 12 ملین یوروکی امداد دے گا، اس امدادسے خیبرپختونخوا اورپنجاب میں ویمن ہیلتھ کلینکس قائم ہوں گے جہاں صحت کے شعبے میں خواتین کو روزگارکے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔اسی طرح پولیو کے انسداد کے لیے کوششوں کوتقویت دینے کے لیے جرمن ڈیولپمنٹ بینک مزید5 ملین یورو کی معاونت فراہم کرے گا،اس معاونت سے پاکستان کو پولیو ویکسین کے اخراجات پرقابوپانے میں مددملے گی۔ اسی طرح ایک معاہدے کے تحت جرمنی گلگت بلتستان میں ہارپوہائیڈروپاورپروجیکٹ کے لیے1.5 ملین یورو کی معاونت فراہم کرے گا۔ سیکرٹری اقتصادی امورنوراحمد نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اورجرمنی کے درمیان بہترین تعلقات قائم ہیں ، حکومت پاکستان صحت، توانائی اور موسمیاتی تبدیلی کے منصوبوں کے لیے جرمنی کی حکومت کے تعاون کی شکرگزارہے۔