پاکستان اسٹیل کے ساڑھے 4ہزار ملازمین برطرف

107

کراچی(صباح نیوز+مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اسٹیل ملز کے4 ہزار544ملازمین کو برطرف کردیا گیا۔ترجمان اسٹیل ملز کے مطابق پے گروپ 2، 3، 4اورجے اوز کو نوکریوں سے برخاست کیا گیا ہے جبکہ اسسٹنٹ منیجر اور ڈویژنل منیجر کو بھی برطرف کردیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ڈی سی ای، ڈی جی ایم، منیجرز بھی نوکریوں سے برطرف کیے گئے ہیں اور ملازمین کو بذریعہ ڈاک برطرفی کے خطوط ارسال کردیے ہیں۔ترجمان کے مطابق اسٹیل مل کے اسکول و کالج کے اسٹاف کو برطرف نہیں کیا گیا جبکہ ڈپارٹمنٹس کے کارپوریٹ سیکرٹریز کو برطرف نہیں کیا گیا۔خیال رہے کہ رواںبرس9جون کو وفاقی کابینہ نے پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دے کر فارغ کرنے کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)کی تجویز کی منظوری دی تھی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 3 جون 2020ء کے اجلاس میں پاکستان اسٹیل کے 9 ہزار سے زاید ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دے کر فارغ کرنے کی سفارش کی تھی۔اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک پیکج کے تحت اوسطاً23لاکھ فی ملازم ملیں گے،جس کی زیادہ حد70سے80لاکھ بھی ہے۔علاوہ ازیں ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان اسٹیل کے ملازمین کو فارغ کیے جانے کے لیے گزشتہ روز سی ای او سیکرٹریٹ میں ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا جس کی صدارت سی ای او اسٹیل مل نے کی۔دوسری جانب ادارے سے فارغ کیے جانے کی اطلاع ملتے ہی تمام ملازمین اور ٹریڈ یونینز میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی اور ملازمین میں اشتعال پھیل گیا ہے۔