اسلام آباد(نمائندہ جسارت)وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ کورونا خطرناک حد تک پھیل رہا ہے،احتیاط ضروری ہے ،پی ڈی ایم کوچاہیے کہ جلسے بند کردے۔جمعہ کو وزیراعظم کی زیرصدارت پارٹی اور حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی معاشی اور مجموعی صورت حال پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر حماد اظہر نے معاشی صورتحال پر ترجمانوں کو بریفنگ دی۔اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ معاشی اشاریے ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتر ہو رہے ہیں، ٹیکسٹائل انڈسٹری سے بھی حوصلہ افزا اعدادوشمار سامنے آئے ہیں تاہم معاشی ٹیم سے کہا ہے کہ صنعت کی بہتری کے لیے تمام ریاستی وسائل استعمال کریں۔اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے جلسے جلوس اور حکومت مخالف مہم پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا کی صورتحال روز بروز بڑھ رہی ہے، پی ڈی ایم کے جلسوں سے کوئی سیاسی فرق نہیں پڑ رہا، چوری کے پیسے چھپانے کے لیے لوگوں کو کورونا کے رحم و کرم پر چھوڑا جا رہا ہے، دنیا کورونا سے لڑ رہی ہے اور یہاں تماشا بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ اپوزیشن اتحاد جتنے مرضی جلسے کرلے، این آر او نہیں ملے گا، ایس او پیز پر بہر صورت عملدرآمد کروایا جائے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات سے مہنگائی میں کمی ہوئی ہے، مہنگائی میں مزید کمی کے لیے اقدامات کررہے ہیں،اجلاس میں معاون خصوصی زلفی بخاری نے اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق معاملات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یو اے ای میں لیبر ویزہ پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہے، یو اے ای حکام نے انتہائی تربیت یافتہ پاکستانی لیبر کی حوصلہ افزائی کی ہے، عرب امارات کی ترجیح کورونا کے دوران بے روزگار ہونے والی ورک فورس کی بحالی ہے جب کہ یو اے نے انتہائی پروفیشنل پاکستانی لیبر کے لیے گولڈن ویزا کی سہولت بھی دی ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں احساس کفالت ادائیگی سینٹر کا دورہ کیا۔معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیراعظم کو احساس کفالت توسیع پروگرام اور مستحقین کو رقوم کی ادائیگی کے طریقہ کار کے بارے میں بریفنگ دی۔ ثانیہ نشتر نے وزیراعظم کو بتایا کہ سینٹر میں خواتین کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل والٹ فراہم کردیے گئے ہیں۔ سہولت سے خواتین کو بینکوں کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ثانیہ نشتر کے مطابق کفالت مستحقین کی تعداد 43لاکھ سے بڑھا کر 70 لاکھ کردی گئی ہے۔ رقوم کی ادائیگی مراحل میں کی جائے گی،پہلے فیز کا آغاز آج کردیا گیا ہے، 40لاکھ سے زائد مستحق خواتین کو رقوم کی ادائیگی شروع ہوگی، ہر مستحق کو جولائی سے دسمبر تک کے لیے 12 ہزار روپے ایک ساتھ دیے جائیں گے۔ رہ جانے والے مستحقین کو ادائیگی دسمبر کے بعد کی جائے گی،رقوم کی ادائیگی کا سلسلہ اگلے سال بھی جاری رہے گا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ رجسٹرڈ مستحق کی وفات کے بعد وارث کے اندراج کا بھی لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔ مزید برآں وزیر اعظم صنعت کاروں کے وفد نے بھی ملاقات کی ۔اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھاکہ ملکی ترقی و خوشحالی صنعتی شعبے اور کاروباری طبقے کی ترقی سے وابستہ ہے، فیصلہ سازی کے عمل میں صنعت کاروں کی تجاویز کو شامل کرنے کے مثبت نتائج مرتب ہو رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ صنعت کاروں کو برآمدات کے حوالے سے مشکلات کو جلدختم کیا جا ئے گا۔