انڈے،لہسن، گوشت سمیت 11اشیا کی قیمتوں میں اضافہ

67

اسلام آباد/ اوباڑو(صباح نیوز)شماریات بیورو نے ہفتہ وار مہنگائی کی تفصیلات جاری کردیں ۔رپورٹ کے مطابق 26نومبر کوختم ہونے والے ہفتے میں انڈے، لہسن، گوشت سمیت 11اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔حساس اعشاریہ رپورٹ کے مطابق ایک سال میں مہنگائی 7.48 فیصد ہوگئی۔ گزشتہ ہفتے مہنگائی میں کمی کی بنیادی وجہ غذائی اشیا کی قیمتوں میں کمی ہے۔ گزشتہ ہفتے ٹماٹر کی قیمت میں 10.26 فیصد، پیاز 8.4فیصد، چکن 8.2فیصد، چینی 4.7فیصد کمی ہوئی۔دال چنا 0.7 فیصد، دال ماش 0.73 فیصد، مونگ 0.49 فیصد، مسور 0.25فیصد، آٹا 0.20فیصد اور آلو کی قیمت میں 0.17فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔گزشتہ ہفتے کیلا 1.76 فیصد، انڈے 1.08 فیصد اور لکڑی 1.04 فیصد مہنگی ہوئی۔ گزشتہ ہفتے 11 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، 10 کی قیمتوں میں کمی، جبکہ 30 اشیا کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔ادارہ شماریات ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ 51 اشیا کی ملک کے 17 شہروں کی 50 مارکیٹوں میں قیمتوں کا جائزہ لینے کے بعد تیار کرتا ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں اب مہنگائی میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے ۔ انہوں نے یہ بات ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے حکم پر یہاں آیا ہوں۔وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ سندھ کی بہتری کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سندھ میں بھرپور سیاست کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے نام پر ووٹ لینے والوں نے سندھ کے لیے کچھ نہیں کیا۔ اسد عمرکا کہنا تھا کہ جلد اوباڑو میں نادرا کے دفتر کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور یہاں یونیورسٹی بھی قائم کی جائے گی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت سندھ جزیروں پر سیاست کررہی ہے۔