شہباز شریف اور حمزہ پیرول پررہا‘ بیگم شمیم کی میت آج پہنچے گی

59

لاہور/لندن(نمائندہ جسارت/ مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب حکومت نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پیرول پر رہا کر دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گزشتہ روز شریف برادران کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال کے باعث اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی منظوری دی تھی جس کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ اب شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب نوازشریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی نماز ریجنٹ پارک مسجد میں ادا کی گئی ۔ نماز جنازہ میں نوازشریف، اسحاق ڈار، حسن نواز، حسین نواز، سلمان شہباز اور علی ڈار، علی عمران سمیت خاندان کے دیگر افراد نے شرکت کی۔شریف خاندان کے ذمے دار ذرائع کے مطابق بیگم شمیم اخترکی میت برٹش ائرویزکی پروازبی اے 0259سے لاہورکے لیے روانہ ہوگی۔اس سے قبل (ن) لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ مرحومہ بیگم شمیم اختر کی میت آج صبح پاکستان پہنچے گی۔مریم اورنگزیب کے مطابق مرحومہ بیگم شمیم اختر کی تجہیز و تکفین کے لیے انتظامات شروع کردیے گئے ہیں۔( ن) لیگ کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نماز جنازہ کے وقت اور مقام کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔بیگم شمیم اختر کا جنازہ پڑھنے کے لیے راغب نعیمی کا نام زیر غور ہے ۔دوسری جانبن لیگ کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم نے کبھی کسی کی کردار کشی نہیں کی اورنہ کبھی کریں گے۔مریم نواز نے یہ بات (ن) لیگ کے مرکزی صدر اور اپنے چچا میاں شہباز شریف کی پے رول پر رہائی کے بعد ان سے ٹیلی فونک بات چیت میں کہی۔مریم نواز نے چچا کی خیریت دریافت کرنے کے بعد ان سے کہا کہ افسوسناک امر ہے کہ حکومت آپ کی والدہ اور میری دادی کے انتقال کو بھی مستقل سیاسی رنگ دے رہی ہے۔مریم نواز نے بات چیت میں کہا کہ آپ کی اور حمزہ شہباز کی پے رول پر رہائی کو بھی سیاسی رنگ دیا گیا ہے۔