کراچی (اسٹاف رپورٹر)کے الیکٹرک کی غفلت کے باعث ا اورنگی ٹائون شاہ ولی اللہ نگر میں عوام دو ماہ سے بجلی سے محروم ہیں ،پرانے کیبل اتار کر نئے لگا دیے گئے لیکن بیشتر گھروں پر میٹر اب تک نصب نہیں کیے گئے۔ صدر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی شاہ ولی اللہ نگر جاوید حسین نے کے الیکٹرک کے ظالمانہ رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک کی مقامی انتظامیہ اور ڈپٹی جنرل منیجر اقبال انور نے وعدہ خلافی کی ہے۔علاقے میں کیبل لگانے کے عمل سے پہلے جماعت اسلامی کے ذمے داران اور عوام سے وعدہ کیا گیا تھاکہ کے الیکٹرک عوامی مسائل کے حل کے لیے کیمپ لگائے گی اور جن علاقوں میں کیبلنگ کا کام مکمل ہو گیا ہے وہاں فوری طور پر کاغذی کارروائی کے بعد دس سے پندرہ دن میں میٹر لگائے جائینگے لیکن آج دو ماہ کا عرصہ مکمل ہونے کے باوجود اب تک میٹر نہیں لگائے۔