سرکاری کالج بی ایس سی نتائج میں تاخیر کا سبب ہیں ‘ جامعہ کراچی

39

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات ڈاکٹر سید ظفر حسین نے کہا ہے کہ کراچی کے سرکاری کالجزبی ایس سی امتحانات کے نتائج میں تاخیر کا سبب ہیں،جامعہ کے شعبہ امتحانات میں بی ایس سی کے امتحانی نتائج تیار ہیں اور4دنوں کے اندر امتحانی نتائج دینے کی پوزیشن میں ہیں مگر کراچی کے کالجوں نے بی ایس سی کے پریکٹیکل امتحانات کے مکمل نتائج تاحال جامعہ کو نہیں بھیجے جس کی وجہ سے نتائج جاری کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر سید ظفر حسین نے کہا کہ کالجوں کی جانب سے اب بھی بی ایس سی کے عملی امتحانات کے نتائج بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے،سرکاری کالجوں نے 2مضامین کے عملی نتائج جامعہ کے شعبہ امتحانات کو اب تک ارسال نہیں کیے اس لیے یہ کہنا غلط ہو گا کہ بی ایس سی کے نتائج جاری نہیں کیے جا رہے۔کالجزکی جانب سے مکمل پریکٹیکل نتائج موصول ہوتے ہی بی ایس سی کے نتائج جاری کر دیں گے۔