بائیڈن کامیاب قرار بائے تو وائٹ ہائوس چھوڑ دوں گا ، ٹرمپ

117
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ صحافیوں سے گفتگو کررہے ہیں

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر جو بائیڈن قانونی طور پر کامیاب قرار پائے تو وہ وائٹ ہاؤس چھوڑ نے میں دیر نہیں کریںگے۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اگر الیکٹورل کالج نے بائیڈن کی بطور صدرتصدیق کر دی تو وہ وائٹ ہاؤس سے چلے جائیں گے ۔ صحافیوں سے گفتگو کے دوران ٹرمپ کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتِ حال میں اُن کے لیے شکست تسلیم کرنا آسان نہیں ہو گا۔ انہوںنے دعویٰ کیا کہ 20جنوری کو صدر کے انتخاب کے اعلان کے وقت تک بہت سی نئی چیزیں رونما ہو چکی ہوں گی۔صحافیوں کی جانب سے جو بائیڈن کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت سے متعلق سوال پر وہ سٹپٹا گئے اور کوئی جواب نہیں دیا۔ یاد رہے کہ امریکا کے انتخابی نظام کے تحت صدر کا انتخاب براہِ راست عوامی ووٹوں سے نہیں بلکہ الیکٹورل کالج کے ذریعے ہوتا ہے ۔ عوام اپنے ووٹوں کے ذریعے الیکٹرزکا انتخاب کرتے ہیں ، جو دسمبر میں انتخابات میں جیتنے والے امیدوار کی توثیق کرتے ہیں ۔ 3نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق بائیڈن نے 306 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ، جب کہ صدر ٹرمپ 232 ووٹ حاصل کر سکے ۔ انتخابات میں کامیابی کے لیے امیدوار کو 538میں سے 270ووٹ درکار ہوتے ہیں اور مطلوبہ تعداد جو بائیڈن حاصل کر چکے ہیں ۔ ان کے مجموعی ووٹوں کی تعداد صدر ٹرمپ کے مقابلے میں 60 لاکھ زیادہ ہے ۔